متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان کی جیب کٹ گئی

بدھ 16 نومبر 2016 23:05

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان کی جیب کٹ گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان کی جیب کاٹ لی گئی۔ پاکستان میں ان دنوں سیاستدانوں کی جیبیں کٹنے کے واقعات پے درپے رونما ہورہے ہیں اور شاطر جیب کترے آنکھ بچاتے ہی انتہائی چالاکی سے جیبیں کاٹ رہے ہیں جس کا ایک اور واقعہ ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامر خان کے ساتھ پیش آیا اور چور بڑی آسانی سے ان کی جیب پر ہاتھ صاف کرگیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کراچی کے میئر وسیم اختر کی جیل سے رہائی کے موقع پرایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں اورکارکنان کی بڑی تعداد جیل کے باہر موجود تھی کہ اسی دوران چور نے رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عامر خان کی جیب پر ہاتھ صاف کردیا۔ عامر خان کو جب علم ہوا کہ چور نے ان کی جیب کاٹ لی ہے تو وہ اس پر بڑی معصومیت سے چور سے اپیل کرنے لگے اور انہوں نے کہا کہ چور بھائی آپ میرے پرس میں موجود پیسے رکھ لیں لیکن شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات مجھے واپس کردیں جس کے بغیر انہیں زیادہ پریشانی کا سامنا ہے۔ واضح اس سے قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر تجارت منظور حسین وسان کی بھی جیب کٹنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔