کینیڈا میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری کا مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیری عوام پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 16 نومبر 2016 23:02

اوٹاوہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) کینیڈا میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیری عوام پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف بدھ کو کینیڈا کی پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی حالت زار کا ذکر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے لگائے اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف پیلٹ گنوں کے استعمال کی طرف دلائی۔ مظاہرین نے کینیڈا کی حکومت اور ارکان پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانے کا معاملہ بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھائیں۔