تاوان کیلئے اغوا پنجاب کا رہائشی کوہاٹ سے بازیاب، اغواکارگرفتار

بدھ 16 نومبر 2016 22:30

کوہاٹ۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) کوہاٹ میں لاکھوں روپے تاوان کیلئے اغواء پنجاب کے رہائشی نوجوان کو ڈرامائی انداز میں بازیاب کرکے تین رکنی اغواکار گروہ کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔چکر کوٹ بالا میں پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار اغواکاروں کے قبضے سے اسلحہ،مغوی کی گاڑی اور تاوان کی رقم بھی برآمد کرلی ہے۔

زیر حراست ملزمان میں ایک خاتون بھی شامل ہے جس نے موبائل فون پر دوستی بنا کر پنجاب کے شہر لیہ کے رہائشی باشندے کو کوہاٹ بلا کر اپنے گروہ کی مدد سے یرغمال بنا لیا اور رہائی کے بدلے انکے ورثاء سے آٹھ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ایڈیشنل ایس پی آپریشن طارق محمود نے ڈی ایس پی سٹی رضا محمد کے ہمراہ اپنے دفتر میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ چکر کوٹ بالا کی رہائشی دوشیزہ شازیہ نے لیہ پنجاب کے رہائشی نوجوان عبدالغفور ولد منظور احمد کیساتھ موبائل فون پر گپ شپ کے ذریعے دوستی بنا کرانہیں کوہاٹ کے علاقہ چکر کوٹ بالا بلایا جہاں اغواء کی واردات برپا کرتے ہوئے اغواء کار گروہ میں شامل دیگر دو افراد کی ذیشان حیدر ولد ضمیر الحسن سکنہ کوٹ سلطان لیہ حال چکر کوٹ بالا اور عامر عباس ولد محبت علی ساکن چکر کوٹ بالا کی مدد سے انہیں یرغمال بنا کر ایک گھر میں قید کرلیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اغواکاروں نے مغوی کے ورثاء سے انکی رہائی کے بدلے آٹھ لاکھ روپے تاوان طلب کرلیا۔ایس پی طارق محمود نے بتایاکہ مغوی کے ورثاء نے جب واقعے کی معلومات ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف کو فراہم کی تو انہوں نے پولیس کوفوری کاروائی کا حکم دیدیا ۔ایس پی نے بتایا کہ مغوی کے ورثاء ڈی پی او آفس میں موجود تھے کہ انکے موبائل فون پر اغواء کاروں کی طرف سے تاوان طلب کرنے کی کال موصول ہوئی جسے ٹریس کرتے ہوئے اغواء کار گروہ کے خلاف مئوثر اور کامیاب کارروائی عمل میں لائی گئی اور ایس ایچ او تھانہ استرزئی انسپکٹر ناظر حسین ،ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید امجد حسین ،ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد علی اور اے ایس آئی جابر خان و دیگر پولیس نفری نے چکر کوٹ بالا میں ایک گھر پر اچانک چھاپہ مارا جہاں زنجیروں میں جھکڑے مغوی کو بازیاب کرکے واردات کے مرکزی ملزم سمیت تینوں اغواء کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس پی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران پولیس نے اغواء کاروں کے قبضے سے تین عدد پستول بمعہ کارتوس،مغوی کی آلٹو موٹر کار نمبر اسلام آباد PW.876اور تاوان کی رقم تقریباً دو لاکھ روپے جو اغواء کاروں نے پہلے سے وصول کررکھی تھی برآمد کرلی ہے۔ایس پی کے مطابق گرفتار اغواء کاروں کو فوری طور پر تھانہ استرزئی منتقل کردیا گیا جبکہ انکے خلاف مقدمہ درج کرکے مغوی کو اپنے ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :