کراچی،ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے مہاجر قومی موومنٹ کی ریلی

بدھ 16 نومبر 2016 22:17

کراچی،ایل او سی پر بھارتی جارحیت  اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء) لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے نتیجے میں فوجی جوانوں کی شہادت کے خلاف اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے بدھ لانڈھی سے ریلی نکالی گئی جو شاہراہ فیصل سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہو ئی ۔مرکزی ریلی میں مختلف علاقوں سے آنے والی ریلیاں بھی شریک ہوئیں۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم ، بینرز اور پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے ۔ شرکاء نے پریس کلب کے باہر بھارت کا پرچم بھی نذر آتش کیا۔اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما شمشاد غوری نے کہا کہ وطن عزیز کی جانب میلی آنکھوں سے دیکھنے والوں کے خلاف پوری مہاجر قوم منظم و متحد ہے اور مشکل کی کسی بھی گھڑی میں پاک فوج کے شانہ بشانہ جدوجہد کا عزم غیر متزلزل ہے ، دفاع وطن کیلئے مہاجر قوم سینہ سپر ہے اور کسی غدار و ملک دشمن کیلئے مہاجر قوم کی صفوں میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بار بار بھارتی جارحیت سے اس کے مکروہ عزام بے نقاب ہوگئے ہیں ، ہم خطہ میں امن کے خواہش مند ہیں ، کسی سے جنگ نہیں چاہتے لیکن بھارت ہماری امن پسندی کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے ،پاک فوج ہر طرح کی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے جس طرح مسلسل اشتعال انگیزی کی جاری ہے اسکے خلاف مہاجر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

اس ریلی کے ذریعے دنیا کویہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان کی خلاف ہر قسم کی سازش اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ مہاجر قوم محب وطن پاکستانی ہیں ،ملک میں راء کے ایجنٹس اور محب وطنوں کو ایک ہی لاٹھی سے نہ ہانکا جائے ۔

متعلقہ عنوان :