میئر کراچی وسیم اختر کی ضمانت پر رہائی، مزار قائد پر حاضری

رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر شہریوں کی خدمت کروں گا، میئر کراچی

بدھ 16 نومبر 2016 21:41

میئر کراچی وسیم اختر کی ضمانت پر رہائی، مزار قائد پر حاضری
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) نومنتخب میئر کراچی وسیم اختر نے تمام مقدمات میں ضمانت پر رہائی کے بعد بدھ کو مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش تھی کہ اپنے عہدے کا حلف لینے کے بعد مزار قائد پر حاضری دوں، اسی لئے آج رہائی کے بعد مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے لئے آیا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھ پر قائم مقدمات بے بنیاد ہیں اور وقت ثابت کرے گا کہ میں بے قصور ہوں۔ انہوں نے اپنی ضمانت پر رہائی کو عوام کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور میں نے قسم کھائی ہے کہ عوام کے اعتماد پو پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ وسیم اختر نے کہا کہ میں رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر شہریوں کی خدمت کروں گا اور مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ وسیم اختر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیارات ملنے چاہئیں، بصورت دیگر عوامی مسائل حل نہیں ہو سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :