چینی بحریہ کے دو جنگی جہازکراچی پہنچ گئے،دونوں جنگی جہازچین پاک بحریہ کی مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گے

مشترکہ مشقوں سے باہمی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا،مشقیں گوادر پورٹ پر جہازوں کی آمد ورفت محفوظ بنانے کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنیں گی، ترجمان پاک بحریہ

بدھ 16 نومبر 2016 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) چینی بحریہ کے دو جنگی جہاز لے کر کراچی پہنچ گئے،دونوں جنگی جہازچین اور پاکستان کی بحریہ کے درمیان مشترکہ بحری مشقوں میں حصہ لیں گے ۔ جبکہ ترجمان پاک بحریہ نے کہامشترکہ مشقیں گوادر پورٹ پر جہازوں کی آمد ورفت محفوظ بنانے کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنیں گی۔چائنہ ریڈیو انٹر نیشنل کے مطابق چینی بحریہ کے جہاز رانی کے چوبیسویں حفاظتی بیڑے میں شریک ھان تان نامی جنگی جہاز کراچی پہنچ گے ہیں ۔

دونوں جنگی جہازچین پاک مشترکہ بحری مشقوں میں حصہ لیں گے۔کراچی میں چین کے قونصل خانے اور دفاعی اتاشی کے دفتر سے وابستہ اہلکاروں ، چینی صنعتی و کاروباری اداروں اور چینی نڑاد باشندوں سمیت پاکستانی بحریہ کے متعلقہ اہلکاروں نے بندرگاہ پر چینی بیڑے کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق دو مراحل پر مشتمل مذکورہ مشترکہ فوجی مشقیں 21 نومبرتک کراچی کے آس پاس سمندری علاقے میں جاری رہیں گی۔

پہلے مرحلے میں دونوں ملکوں کی بحریہ کے فوجی اہلکار ایک دوسرے کے جنگی جہازوں کا دورہ کریں گے، سمندری قزاقوں کی کارروائیوں کے خاتمے سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔دوسرے مرحلے میں سمندری فوجی مشق کے دوران دونوں ملکوں کی بحریہ نشانہ بازی، رات کے وقت کشتی رانی، عملی جنگی مشق اور فضائی دفاع سمیت دیگر مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیں گے۔

دوسری طرف پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی بحری افواج کی مشترکہ مشقوں سے باہمی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ چینی بحریہ کے حکام کی پاکستان نیوی کے اعلیٰ افسران سے اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی۔انہوں نے کہامشترکہ مشقیں گوادر پورٹ پر جہازوں کی آمد ورفت محفوظ بنانے کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بھی بنیں گی۔