بیداری مسلم مہم 19نومبر سے ملک گیر سطح پر شروع کی جائے گی‘حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

انتہاپسندی ،دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد اور ارض حرمین الشریفین کیخلاف ہونے والی سازشوں سے عوام الناس کو آگاہ کیا جائے گا

بدھ 16 نومبر 2016 19:22

لاہور /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء)بیداری مسلم مہم 19نومبر سے ملک گیر سطح پر شروع کی جائے گی، انتہاپسندی ،دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد اور ارض حرمین الشریفین کیخلاف ہونے والی سازشوں سے عوام الناس کو آگاہ کیا جائے گا، ملک بھر میں کانفرنسیں ، سیمینارز،کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ لٹریچر تقسیم کیا جائے گا۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے راولپنڈی اور اسلام کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر پاکستان علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر مولانا نعمان حاشر ،مولانا عبدالحمید صابری،مولانا طاہر عقیل اعوان،مولانا حفیظ الرحمن، مولانا نائب خان سبحانی،حافظ محمد شہبازودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 19نومبر کو راولپنڈی میں طلباء کنونشن سے بیداری مسلم مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اسلام کے نام پر انتہاپسندی اور دہشت گردی کا درس دینے والوں سے علماء کرام کو مقابلہ کرنا ہے۔ انتہاپسندی اور دہشت گرد گروہوں کو مسلم نوجوانوں کو یرغمال نہیں بنانے دیں گے۔ پوری امت مسلمہ مکہ مکرمہ میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہونے والے اجلاس سے توقع رکھتی ہے کہ وہ ارض حرمین الشریفین کیخلاف ہونے والی سازشوں پر واضح مؤقف اپنائیں ۔

مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کی کوشش کرنے والوں کیخلاف ملت اسلامیہ کو واضح لائحہ عمل دینا ہوگا۔ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کو مصلحتوں سے بالاتر ہوکر امت مسلمہ کی ترجمانی کرنی ہوگی اور حوثی دہشت گردوں کی مدد کرنے والے ممالک اور گروہوں کو پیغام دینا ہوگا کہ مسلمانوں کے مقدسات کیخلاف کسی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ایران اور عرب ممالک کے درمیان تنازعات کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مسلمانوں کے مقدس مقامات کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہمکہ مکرمہ پر میزائل حملے کیخلاف ملت اسلامیہ سعودی عرب کی عوام اور حکومت کے ساتھ ہے۔