Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا عالمی یوم طلباء کے موقع پر پیغام

بدھ 16 نومبر 2016 19:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عالمی یوم طلباء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کامقصد معاشرے میںطلباء اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ طالب علم کی سوچ اور فکرسے کسی بھی قوم کے مستقبل کی راہ متعین ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ تعلیم ہی واحدکنجی ہے جوطلباء کے شعور کے بند دریچوں کے قفل کھولتی ہے۔

طلباء ملک کا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں۔پنجاب حکومت نے طلباء کوکوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ طلباء کو تعلیمی سہو لیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ طلباء کے بہتر اور محفوظ مستقبل کیلئے انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔

(جاری ہے)

صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے اربوں روپے کے وسائل مختص کئے گئے ہیں۔

صوبے میں ذہین اور ہو نہار طلباوطالبات کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کم وسیلہ طلبا کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اس فنڈ سے کروڑوں روپے کے وظائف پنجاب اور دیگر صوبوں کے غریب مگر ذہین طلبا و طالبات میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو نقد انعامات، لیپ ٹاپ دینے کے علاوہ مطالعاتی دورے پر بیرون ملک بھی بھیجا جاتا ہے۔صوبائی دارالحکومت میں جنوبی ایشیاء کا پہلا عالمی معیار کا نالج پارک بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔نالج پارک کے قیام کا منصوبہ طلبا ء کو بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کی جانب اہم سنگ میل ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات