متعلقہ محکمے 23نومبرسے شروع ہونے والی پولیو مہم کے انتظامات مکمل کریں،ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ

بدھ 16 نومبر 2016 18:57

ٹھٹہ 16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ مرزا ناصر علی نے ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 23نومبر 2016ء سے شروع ہونے والی سہ روزہ پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کریں تاکہ مستقبل کی معماروں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی سخت نگرانی کریں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مکلی میں انسداد پولیو کی ضلعی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے ضلعی آفیسر عبدالفتاح مہر، تمام اسسٹنٹ کمشنروں، پولیس، تعلیم، پی پی ایچ آئی، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں والدین، علماء کرام، اساتذہ، این جی اوز و منتخب نمائندوں اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پولیو کے متعلق آگہی مہم چلائیں اور سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت اور پولیو ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں مدد کریں۔

اجلاس میں سہ روزہ پولیو مہم کی تیاریوں کے متعلق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عبدالفتاح مہر نے بتایا کہ سہ روزہ پولیو مہم کے دوران ضلع ٹھٹہ کے پانچ سال سے کم عمر کے تقریبن ایک لاکھ 83 ہزار 68 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اس ضمن میں ضلع کی 30 یونین کونسلز کیلئے 503 موبائل اور 36 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس موقع پر محمکہ پولیس کے متعلقہ افسران کی جانب سے سہ روزہ پولیو مہم کے دوران مکمل تعاون اور تحفظ کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔

متعلقہ عنوان :