ٹریٹ پولو کپ،پول بی میں وائی ٹرائب شاہسوارز نے پیبل بریکرز کو شکست دیدی

بدھ 16 نومبر 2016 18:47

ٹریٹ پولو کپ،پول بی میں وائی ٹرائب شاہسوارز نے پیبل بریکرز کو شکست ..
لاہور۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ٹریٹ پولو کپ 2016ء کے دوسرے روز پول بی میں وائی ٹرائب شاہسوارز اور پیبل بریکرز کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ میچ کھیلا گیا جو وائی ٹرائب شاہسوارز نے آدھے گول کے ہینڈی کیپ کے فرق سے جیت لیا، اس موقع پر لاہور پولو کلب میں ونٹیج کار میلہ بھی منعقد کیا گیا۔

زندہ دلان لاہور کی ایک بہت بڑی تعداد نے پولو گرائونڈ کا رخ کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں پولو کا سیزن عروج پر ہے۔ ایسے میں پاکستان بھر سے آئی ہوئی خوبصورت پرانی گاڑیوں کے میلے نے کلب میں چار چاند لگا دیئے۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز عمر صادق، اعظم حیات نون، عمر نیازی،ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب ، ممبرز اور زندگی کے شعبہ ہائے زندگی سے لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

کار ریلی سے لطف اٹھانے والوں کیلئے دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان پولو کا میچ بہت ہی دلچسپ ثابت ہوا۔ پہلے چکر کے آغاز میں احمد علی نے 40 یارڈ پنلٹی پر گول کرکے پیبل بریکرز کی طرف سے پہلا گول سکور کیا پہلے چکر ہی میں حمزہ مواز خان نے وائی ٹرائب شاہسوارز کی طرف سے دو گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔دوسرے چکر میں بھی دونوں ٹیموں کی طرف سے ایک ایک گول سکور ہوا۔

تیسرے چکر میں حمزہ مواز خان نے تین خوبصورت گول سکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری بڑھا دی جبکہ پیبل بریکرز کی طرف سے احمد علی نے بھی گول سکور کرکے برتری کم کی۔ چوتھے اور آخری چکر میں تینوں گول پیبل بریکرز نے کیے۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے 6-6 گول ہوگئے مگر وائی ٹرائب شاہسوارز کو آدھے گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج تھا جس کی وجہ سے انہوں نے یہ میچ جیت لیا۔وائی ٹرائب شاہسوارز کی طرف سے حمزہ مواز خان نے تمام چھ گول سکور کیے جبکہ پیبل بریکرز کی طرف سے احمد علی ٹوانہ نے تین جبکہ احمد زبیر نے دوگول سکور کیے۔ آج بروز جمعرات پول اے کی ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :