ہنگو,اورکزئی متاثرین کی واپسی کا تیسرا مرحلہ شروع ,امسال 17 ہزار خاندانوں کی آبائی علاقوں کو واپسی ممکن ہوئی،بریگیڈئیر عمران حیدر شیرازی

بدھ 16 نومبر 2016 17:16

ہنگو۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)اورکزئی متاثرین کی واپسی کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا ‘ امسال 17 ہزار متاثرہ خاندانوں کی آبائی علاقوں کو واپسی ممکن ہوئی‘ پاک فوج اور پیرا ملٹری فورسز کی عظیم قربانیوں کے باعث اورکزئی ایجنسی میں دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام ممکن ہوا۔ سیکٹر کمانڈر بریگیڈئیر عمران حیدر شیرازی نے بدھ کو میڈیاکے نمائندوں کو بریفنگ دی ۔

تقریب میں فورسز کے افسران، پولیٹیکل ایجنٹ محمد زبیر خان، اے پی اے اقبال وزیر اورقبائلی عمائدین کی بھی موجودگی تھے۔ انہوں نے کہاکہ اورکزئی متاثرہ خاندانوں کی واپسی کی تیسری مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیااور لوئر اورکزئی میں متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا عمل مکمل کرنے کے بعد سے سال 2016 کے دوران تا حال 17 ہزار متاثرہ خاندانوں کی با حفاظت واپسی کو عملی جامہ پہنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 15 نومبر تا 30 نومبر 2016 اورکزء قبائلی اقوام ربعیہ خیل، دڑادڑ مامازئی، خانکی شیخان اور ماموزئی قبائل کے متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا مرحلہ مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے متاثرہ خاندانواں کی واپسی سے سال 2016 میں متاثرہ 30ہزار خاندان آبائی علاقوں میں 9 سال بعد امن بحالی سے دوبارہ آبادکاری کے تحت رہائش اختیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اور کزئی ایجنسی میں سیکورٹی فورسسز کی لازاول قربانیوں کے باعث امن کا قیام ممکن ہوا۔قبائلی عوام امن کے فروغ اور پائید ار امن برقرار رکھنے کیلئے فورسز اور انتظامیہ کیساتھ تعاون کرتے ہو ئے اور کزئی ایجنسی کو امن کا گہوراہ بنائیں۔بریگیڈیر عمران شیرازی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ مکانات،دکانات اور سر کاری املاک سمیت مواصلاتی نظام کی فوری بحالی اولین ترجیح ہے۔جس کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی امن بحالی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے قربانیوں کو سنہرے حروف میں یاد کیا جائے گا۔