زرعی قرضوں کے حصول کے لیے رجسٹریشن کی تاریخ میں 15دسمبر تک توسیع

بدھ 16 نومبر 2016 16:59

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) وزیر اعلی پنجاب کسان پیکج کے تحت بلاسود زرعی قرضوں کے حصول کے لیے رجسٹریشن کی تاریخ میں 15دسمبر تک توسیع کر دی گئی ۔ محکمہ زراعت راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق زرعی اراضی سنٹر پر آنے والے کاشتکاروں کی رجسٹریشن ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے اور انہیں ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر رجسٹریشن کی تاریخ میں 15دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار اس سکیم سے مستفید ہو سکیں ۔پروگرام کے تحت ساڑھے 12 ایکڑ اراضی رکھنے والے مالکان، مزارعین اور ٹھیکیدار کاشتکاروں کو 5 ایکڑ اراضی کے لئے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ربیع سیزن کیلئے 25 ہزار روپے فی ایکڑ جبکہ خریف سیزن کیلئے 40 ہزار روپے فی ایکڑ قرضہ دیا جائے گا۔ مزارعین اور ٹھیکیدار مالک اراضی کی اجازت سے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ ان قرضوں کی رقم سے کاشتکار اپنی فصل کیلئے زرعی مداخل خرید سکتے ہیں اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔