تاجروں کو پرسکون اور آزادانہ ماحول فراہم کیے بغیر ترقی ممکن نہیں‘ محمد ناصر حمید خان

تاجروں کی ترقی و خوشحالی وعدوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے‘نائب صدر لاہور چیمبر

بدھ 16 نومبر 2016 16:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر تاجروں کے بینک اکائونٹس تک رسائی، ودہولڈنگ ٹیکس، ٹریفک جام ، ناجائز تجاوزات اور سرکاری عملے کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال سمیت تمام مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں حل کرانے کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔

لاہور کراکری اینڈ گلاس ویئر مرچنٹس گروپ کے چیئرمین حاجی فرخ اقبال اور دیگر عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جن کو پرسکون اور آزادانہ کاروباری ماحول فراہم کیے بغیر معاشی ترقی کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ترقی و خوشحالی وعدوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے، مشکل حالات کے باوجود کاروبار کرکے تاجر ملک سے اپنی وابستگی کا ثبوت دے رہے ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بھی جواباً مثبت ردّ عمل کا مظاہرہ کرنا اور تاجروں کے مسائل حل کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ ہر کڑے وقت میں تاجر حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے اور آفات کے متاثرین کی بھرپور مدد کرتے ہیں لہذا جوابا انہیں بھی عزت و احترام دینا اور مسائل حل کرنا ضروری ہے۔ محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ ٹیکس وصول کرنے والے عملے کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال، سمگل شدہ مال کی چیکنگ کے نام پر مارکیٹوں کے باہر ناکوں، ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام، ٹیکسوں کی زیادہ شرح، کاروباری امور میں مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کی مداخلت، بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس، بینک اکائونٹس تک رسائی ، ٹریفک کے بدترین مسائل اور جرائم نے تاجروں کا کاروبار کرنا محال کررکھا ہے ۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر نے وفاقی و پنجاب حکومتوں پر زور دیا کہ ٹیکس وصول کرنے والے عملے کے صوابدیدی اختیارات میں کمی لائے اور اسے پابند کیا جائے کہ وہ تاجروں کو بلاوجہ تختہ مشق نہ بنائے، سمگل شدہ مال چیک کرنے کے نام پر ناکے لگاکر تاجروں کو ہراساں کرنے کے بجائے بارڈرز پر چیکنگ کا نظام بہتر کرے۔ حاجی فرخ اقبال نے مارکیٹ ترقیاتی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مارکیٹوں میں انفراسٹرکچر، بجلی و ٹیلی فون اور نکاسی آب کا نظام درست کرنے میں مدد لے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے تاجر حکومت کے شانہ بشانہ کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر لاہور کراکری اینڈ گلاس ویئر مرچنٹس گروپ کے صدر طارق حمید، سینئر نائب صدر وقار احمد، نائب صدر محمد ندیم خان، جنرل سیکریٹری عرفان اسلم، جائنٹ سیکریٹری محمد شوکت علی، فنانس سیکریٹری عرفان رشید سیٹھی اور سیکریٹری نشر و اشاعت شیر حسین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :