Live Updates

وزیر اعلیٰ کا پی کے ون کے ترقیاتی فنڈ منجمدکرنے کا اقدام عوام کے ساتھ زیادتی ہے ، عطاء لله چارمنگ

پی کے ون سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی کو ناکردہ گناہ پر 15 ماہ جیل میں رکھا گیا ‘ ذاتی اختلافات کی سزا حلقے کے عوام کو دی جا رہی ہے ‘ منجمد شدہ ترقیاتی فنڈفی الفور ریلیز کیا جائے‘بصورت دیگر احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی،پی ٹی آئی رہنماء کی ’’ اے پی پی ‘‘ سے بات چیت

بدھ 16 نومبر 2016 16:52

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف پی کے ون کے رہنماء سوشل ورکر عطاء الله چار منگ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی جانب سے پی کے ون کے لئے منظورشدہ ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ کو روکنے کے اقدام کو پی کے ون کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ حلقہ کے عوام وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کے خلاف جلد تحریک مزاحمت شروع کرینگے اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائیگا ۔

انہوں نے بدھ کے روز ’’اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کرتے کہاکہ اس دھرنے میں پی کے ون پشاور ون سے تعلق رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور ورکرز کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ اقدام قابل افسوس اور قابل مذمت ہے کیونکہ انہوں نے ذاتی اختلافات کی بناء پر پورے حلقے کو سزادی ہے ‘ ایک طرف تو پی کے ون پشاور ون سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی ضیاء الله آفریدی کو ناکر دہ گناہ پر15 ماہ جیل میں رکھا گیا او ر دوسری طرف حلقے کے ایک ارب سے زائد ترقیاتی فنڈز کو روک کر حلقے سے کھلی دشمنی کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضیاء الله آفریدی نے حلقے میں بلا تفریق خدمت جاری رکھی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حلقے پی کے ون پشاور ون پشاور کا دل ہے اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اس دل کو دھڑکنے سے ہی روک دیا ان کا یہ اقدام حلقے کے عوام کے ساتھ کھلی دشمنی کے متراد ف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پورے صوبے کا وزیر اعلیٰ ہے ان کو ذاتی اناء اور پسند اور نا پسند کو بالائے طاق رکھ کر عوام کی خدمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے نہ صرف حلقے کو نظر انداز کیا بلکہ ان کی بنائی ہوئی کمیٹی صرف باتوں تک محدود ہے اور کمیٹی کے قیام کے بعد ایک سال گزرنے کے باوجود ابھی تک کوئی عملی کام دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی کے ون کے عوام کواپنے حق کے حصول کیلئے اتنا تنگ نہ کیا جائے کہ بات احتجاج اور توڑ پھوڑ تک پہنچ جائے ۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ منجمد شدہ ترقیاتی فنڈفی الفور ریلیز کیا جائے اورجو ترقیاتی اقدامات ضیاء الله آفریدی نے اٹھائے تھے ان کو پورا کیا جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہمارے مطالبات پر غور نہیں کیا گیا تو احتجاج کی راہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات