ناقص کارکردگی پر آسٹریلین چیف سلیکٹر دلبرداشتہ ،مستعفی ہوگئے

آسٹریلیا کو نئی تازہ سوچ کی ضرورت ہے اور ہماری ٹیسٹ ٹیم مستقبل کی تیاری کرتے ہوئے کچھ نئے چہروں کو خوش آمدید کہے، روڈ مارش

بدھ 16 نومبر 2016 16:48

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء) آسٹریلین ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مسلسل پانچویں ٹیسٹ میچ میں شکست پر دلبرداشتہ چیف سلیکٹر روڈ مارش نے فوری طور پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔69 سالہ سابق عظیم وکٹ کیپر نے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کھانے والی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا جو ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں لگاتار تیسری سیریز میں ناکامی ہے۔

روڈ مارش نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے اور کرکٹ آسٹریلیا میں نے کسی نے مجھ پر دباؤ ڈالا اور حتیٰ کہ کسی نے مجھے ایسا کرنے کا مشورہ تک نہیں دیا۔تاہم جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد استعفے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب کرکٹ آسٹریلیا کو نئی تازہ سوچ کی ضرورت ہے اور ہماری ٹیسٹ ٹیم مستقبل کی تیاری کرتے ہوئے کچھ نئے چہروں کو خوش آمدید کہے۔

(جاری ہے)

روڈ مارش نے کہا کہ آسٹریلین کرکٹ کا وسیع تر مفاد ہمیشہ میری دلی خواہش رہی ہے اور اسی وجہ سے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ مارش کے استعفے کے بعد آسٹریلیا کے سلیکشن پینل میں مارک وا، ٹریور ہونز اور کوچ ڈیرن لیمن بچے ہیں اور حالیہ شکستوں کے بعد پینل کیلئے نوکریاں بچانا مشکل نظر آتا ہے۔1970 سے 1984 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 96 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے روڈ مارش کو 2014 میں جان انوے ریرٹی کی جگہ چیف سلیکٹر بنایا گیا تھا۔۔