موٹروے پولیس کی بروقت کاروائی، راولپنڈی سے چوری ہونیوالی کار برآمد کرلی گئی

بدھ 16 نومبر 2016 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے جی ٹی روڈپر کامرہ کے علاقے میں بروقت کاروائی کر کے راولپنڈی سے چوری کی گئی کرولا کار برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس مین کنٹرول اسلام آباد کو روالپنڈی پولیس نے اطلاع د ی کہ تھانہ ائیر پورٹ راولپنڈی کی حدود سے ایک کرولا کار نمبر PD-606 چوری ہو گئی ہے ۔

لہذا موٹروے پولیس مذکورہ کار کی برآمد گی میں مدد کرے ۔ موٹروے پولیس مین کنٹرول نے موٹروے پولیس کے تمام سٹیشنوں کو مذکورہ کار کی ناکہ بندی کی اطلاع دی گئی ۔ کچھ ہی دیر بعد نارتھ زون کے افسران SPOنور الہدیٰ اور SPOمحمد عمران نے نارتھ زون جی ٹی روڈ کامرہ کے علاقے میں شک کی بنیاد پر ایک کرولا کار نمبر1 IDS-82کو روکنے کی اشارہ کیا ۔

(جاری ہے)

جس پر ڈرائیور نے گاڑی بھگا لی تاہم افسران نے تعاقب کرکے ڈرائیور کو رکنے پر مجبور کیا تو ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

موٹروے پولیس کے افسران نے گاڑی کو اپنے قبضے میں لے کر تلاشی لی تو گاڑی کی اصل نمبر پلیٹ PD-606اور شناختی کارڈ اور روٹ پرمٹ بنام جنید احمد سکنہ مانسہرہ برآمد ہوئی ۔ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ ملزم نے گاڑی کو جعلی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔ بعدازاں موٹروے پولیس نے برآمد شدہ گاڑی کو برائے مزید قانونی کارروائی لوکل پولیس تھانہ حسن ابدال کے حوالے کردیا۔

متعلقہ عنوان :