پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے- سی پیک منصوبے سے نا صرف پاکستان اور چین بلکہ پورے خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی پر خلاف ورزیاں کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر حل ہونا چاہیئے۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کا فوجی مشقوں کی تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 نومبر 2016 16:04

پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے- سی پیک منصوبے ..

خیرپور ٹامیوالی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 نومبر۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر بھارت کو مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر مذاکرات کی دعوت دی ہے جب کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے-خیرپور ٹامیوالی میں ہونے والی رعدالبرق مشقوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ مشقیں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار اور ہماری افواج دنیا کی بہترین فورس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ایجنڈا ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے لیکن مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بھرپور طریقے سے تیار ہیں۔وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دوستی کا بہترین مظہر ہے جب کہ اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل طور پر فعال بنایا جا رہا ہے اور سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل یقینی بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے نا صرف پاکستان اور چین بلکہ پورے خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دیگر ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور بھارت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہیں لیکن بھارت کی جانب سے لائن آّف کنٹرول پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے، بھارت کی جانب سے ایل او سی پر ہمارے سویلین اور فوجی جوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے، ملک و قوم کی خاطر جان کا نذرانہ دینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کا معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا تنازع ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی پر خلاف ورزیاں کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر حل ہونا چاہیئے۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ دشمن نے اپنے عزائم واضح کردئیے ہیں،کسی بھی جارحیت کامنہ توڑجواب دیا جائے گا، دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پرعمل پیراہیں،سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائےگی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں، دشمن پاکستان میں ترقی کا عمل نہیں دیکھناچاہتے۔وزیراعظم نے کہا کہ رعدالبرق مشقوں کامعائنہ کرکے بہت خوشی ہوئی، مسلح افواج اورتمام ادارے قومی دفاع میں اہم کرداراداکرتے ہیں۔پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیرہے اور مسلح افواج کی قربانیوں کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے اسٹرٹیجک ویژن کے لیے معاشی استحکام ضروری ہے،سی پیک منصوبہ مکمل طورپرفعال ہونےجارہاہے جس سے تمام صوبوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ، ہم تمام غیر ریاستی عناصر کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف کو ان مشقوں کے مقاصد اور اہداف کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی جب کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف کو سووینئر بھی پیش کیا۔