بلاامتیاز تمام مرد وخواتین کوحصول علم اور ذریعہ معاش کے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

بدھ 16 نومبر 2016 16:01

بلاامتیاز تمام مرد وخواتین کوحصول علم اور ذریعہ معاش کے یکساں مواقع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء)صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ بلاامتیاز تمام مرد وخواتین کوحصول علم اور ذریعہ معاش کے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ،موجودہ دور حکومت میں حقوق نسواں کے تحفظ کے لئے ایسے بل پاس کئے گئے ہیں جن سے خواتین کو معاشی اور معاشرتی سطح پر با اختیار بنانا مقصود ہے ،آج لڑکیاں ڈاکٹر، انجینئر، ٹیچر اورسائنس دان غرض یہ کہ تمام شعبہ زندگی میں مردوں کے برابر کام کر رہی ہے،اسلام نے عورت کو یکساں حقوق فراہم کئے ہیں کیونکہ عورت ماں ، بیٹی ، بہن اور بیوی ہے ، بذریعہ تعلیم اور اچھی تربیت سے معاشرتی سطح پر عورت کے اہم مقام و کردار کے ادراک سے ہم آئندہ قابل رشک نسلوں کو پروان چڑھا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے یہاں لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کے تعاو ن سے سے جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے تعاون سے ہونے والی سہ روزہ بین الاقوامی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-انہوں نے کہاکہ ایسی کانفرنس کے انعقاد سے مختلف تعلیمی ماہرین، محققین کو ایک جگہ اکٹھا ہونے اورصنفی امور کے مختلف مسائل پر کئے گئے مقالات کو پیش کرنے اور آگاہی دینے کا اچھا موقع مل جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس میں 100سے زائدتحقیقی مقالات پڑھے گئے۔ اس کانفرنس میں 7سے زائد ممالک جن میں امریکہ، سویڈن، جرمنی ، ناروے اور نیپال کے مہمانوں نے شرکت کی اور اپنے مقالات پیش کئے۔ وائس چانسلر ، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں خواتین کی تعلیم اور ان کی ضروریات بین الاقوامی اور قومی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے بین الاقوامی سطح پر پالیسی سازی کا موثر کردار ادا کرنے کے پر زور دیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے اس کانفرنس کو دونوں ممالک امریکہ پاکستان کے تعلقات اور تعلیم کے فروغ کے لئے سنگ میل کی بنیاد کہا۔پروفیسر ڈاکٹر شائستہ خلجی، جارج واشنگٹن یونیورسٹی نے اختتامی تقریب میں دونوں یونیورسٹیوں کے تعاون کو صنفی تعلیم کی آگاہی کے موضوع کو کارگر قرار دیا۔ ڈاکٹر ڈیوڈ گائو، ڈاکٹر جین ہینرسی، ڈاکٹر کیلی پیبرٹن، ڈاکٹر میشیل کراک اور دیگر بین الاقوامی مہمانوں نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سارہ شاہد ، ڈائریکٹر وومن ڈویلپمنٹ لیڈر شپ اینڈ لرننگ نے اس کانفرنس کو نئے آنے والے محققین کے لئے ایک نئی راہ کہا جن میں وہ مزید تحقیق کے شعبے میں ترقی کر سکیں۔ دونوں ممالک یونیورسٹیوں لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی اور جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے اساتذہ نے پینل مکالہ (Panel Discussion) میں اپنے تجربات اور موقعوں کا ذکر کیلئے جس سے اس تعاون کو دیرپا قرار رکھا جا سکے۔

اس سے قبل صوبائی وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں مریدکے میں کامسٹ یونیورسٹی کے لئے 100ایکڑ اراضی مختص کرنے سے متعلق سفارشات وزیراعلی پنجاب کو بھجوائی گئیں- اجلاس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن (ر) کیپٹن نسیم نواز ، سی ای او نالج پارک شاہد زمان اور کامسٹ یونیورسٹی کے اعلی افسران نے شرکت کی-صوبائی وزیر نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین گلبر گ کے پہلے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی اور طالبات میںڈگریاں تقسیم کیں-