وزیر اعظم نواز شریف کل لاہور میں ترک صدر طیب اردگان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے

طیب اردگان کی لاہور آمد سے دو گھنٹے قبل روٹ پر مارکیٹیں اور دکانیں بند ہونگے ، 6ہزار اہلکار تعینات ہوں گے ترک صدر کی سکیورٹی ٹیم کا ائیر پورٹ ، حضوری باغ اور روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ ،لاہور پولیس کے پلان کو تسلی بخش قرار دیا

بدھ 16 نومبر 2016 14:29

وزیر اعظم نواز شریف کل لاہور میں ترک صدر طیب اردگان کے اعزاز میں ظہرانہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کل ( جمعرات ) لاہور میں ترک صدر طیب اردگان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے ، طیب اردگان کی لاہور آمد سے دو گھنٹے قبل روٹ پر مارکیٹیں اور دکانیں بند ہوں گے ، 6ہزار اہلکار تعینات ہوں گے ، ترک صدر کی سکیورٹی ٹیم نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیدیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے لئے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں ۔

ان کے وفد میں وزراء ، اعلیٰ حکام کے علاوہ تاجر بھی شامل ہیں ۔ شیڈول کے مطابق طیب اردوان آج ( جمعرات ) کو لاہور آئیں گے جہاں وزیر اعظم نواز شریف ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے جس میں دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے ۔

(جاری ہے)

لاہور پولیس نے ترک صدر رجب طیب اردگان کی آمد کے موقع پر سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف کے مطابق 6 ہزار سے زائد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیو الے اداروں کے اہلکار ترک صدر کی سکیورٹی ڈیوٹی دیں گے، ترک صدر کی صدارتی سکیورٹی ٹیم گزشتہ دو روز سے لاہور میں موجود ہے جس نے ائیر پورٹ ، حضوری باغ اور ترک صدر کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور لاہور پولیس کے سکیورٹی پلان کو تسلی بخش قرار دیا۔سکیورٹی پلان کے مطابق ترک صدر کی آمد سے دو گھنٹے قبل روٹ پر واقع مارکیٹیں اور دکانیں بند جبکہ روٹ کی طرف آنے والے راستے عام ٹریفک کیلئے بند ہوں گے۔