Live Updates

عمران خان کے قلابازیاں لگانے کے دن ختم ہو گئے ہیں ، خان صاحب لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے 46 مرتبہ بلائے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے، رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز

بدھ 16 نومبر 2016 13:47

عمران خان کے قلابازیاں لگانے کے دن ختم ہو گئے ہیں ،  خان صاحب لاہور ہائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ر ہنما رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کے قلابازیاں لگانے کے دن ختم ہو گئے ہیں، قوم دیکھے گی جلد قانون کی گرفت ان کے گریبان پر ہوگی۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حزب اختلاف پاناما پیپرز یا کسی بھی معاملہ پر ہمیں جس فورم پر بلائے گی ہم وہاں آٓئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ 3اپریل کو پاناما پیپرز منظر عام پر آیا اور ہماری جانب سے 22 اپریل کو اس حوالے سے کمیشن قائم کرنے کا کہا گیا۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے 35 پنکچر، گھوڑا ہسپتال،پپونیازی اور جعلی بیلٹ پیپرز کے جھوٹے الزامات لگائے گئے اور لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے 46 مرتبہ بلائے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عدالت نے نجم سیٹھی کیس کے حوالے سے ثبوت مانگے تو عمران خان نے سیاسی بیان کہہ کر ٹال دیا۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی ہیں بیلٹ پیپرز پر الیکشن کمیشن کے افسر افضل خان کو اصل گواہ کے طور پر پیش کیا جس نے بعد میں جسٹس افتخار سے معاٖفی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ ریٹرننگ آفیسرز کا الیکشن نہیں تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی ہیں ، انھوں نے خیبر پختونخوا میں بھی احتساب کرنے کا وعدہ کیا، اپنی مرضی کا افسر تعینات کیا اور جب الزامات اپنے اوپر لگنے لگے تو آفیسر کو عہدے سے ہٹادیا،خان صاحب اس احتساب کی حقیقت عوام کے سامنے کیوں نہیں پیش کرتے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں بھی ثبوت جمع نہیںکرائے اور آج الیکشن کمیشن کے سامنے بھی پیش نہیں ہوئے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ امریکی ویب سائٹ پر عمران خان کے دستخطوں والی دستاویزات موجود ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ انھوں نے اسلام آباد بند کرنے اور چین کے صدر کا دورہ منسوخ کرنے کے لئے لاکھوں ڈالر لئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں ، اس سے قبل وہ پاک بھارت سرحد پر دونوں ممالک کے مشترکہ نیوکلئیر پلانٹ کی تجویز دے چکے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کی قلابازیوں کا وقت ختم ہو چکا ہے اور عوام دیکھیں گے کہ جلد قانون کی گرفت ان کے گریبان پر ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات