ہوبارٹ ٹیسٹ میں ناقص بیٹنگ شکست کا سبب بنی، آخری ٹیسٹ جیتنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے، سمتھ

بدھ 16 نومبر 2016 13:27

ہوبارٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) آسٹریلوی ٹیم کے قائد اور مایہ ناز آل رائونڈر سٹیون سمتھ نے کہا کہ جنوبی افریکن ٹیم کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میچ میں ناکامی کے ساتھ ساتھ سیریز ہارنے پر بے حد مایوسی ہوئی، ناقص بیٹنگ شکست کا سبب بنی، آخری ٹیسٹ جیتنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 80 رنز سے زیر کر کے سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں کینگروز ٹیم کے قائد نے کہا ہے کہ میچ کے ساتھ ساتھ سیریز ہارنے پر بے حد تکلیف ہوئی، ہماری ٹیم کو متواتر پانچویں ٹیسٹ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے، آخری ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا، کوشش ہو گی کہ یہ میچ جیت کر ناکامیوں کے تسلسل کو بریک لگائیں، ناقص بیٹنگ شکست کا سبب بنی، اگر ہم پورا دن کھیل لیتے تو 300 سکور کر سکتے تھے، پروٹیز ٹیم اچھا کھیلی اسلئے وہ جیت کی حقدار تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ آخری ٹیسٹ میچ میں جیت کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت ٹیم کو میدان میں اتریں گے۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 نومبر سے ایڈیلیڈ، اوول میں شروع ہوگا۔