نیشنل ٹیرف کمیشن نے صنعتی شعبہ اور برآمدکنندگان کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے

چیئرمین نیشنل ٹیرف کمیشن قاسم ایم نیاز کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

بدھ 16 نومبر 2016 13:05

نیشنل ٹیرف کمیشن نے صنعتی شعبہ اور برآمدکنندگان کیلئے موثر حکمت عملی ..
․ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) کے چیئرمین قاسم ایم نیاز نے کہا ہے کہ کمیشن نے تشکیل نو کے بعد بھرپور انداز میں کام شروع کردیا ہے، صنعتی شعبہ اور برآمدکنندگان کے دفاع کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے، کمیشن نئے قوانین کے تحت ملکی معیشت کی ترقی کیلئے مستعدی سے کام کررہا ہے۔

’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کمیشن عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) اور ملکی قوانین کے تحت صنعتی شعبہ اور برآمدکنندگان کے دفاع کیلئے اپنا کردارادا کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن کی تشکیل نو کی گئی ہے ممبران کی تعداد 3 سے بڑھا کر 5 کردی گئی ہے تاکہ کمیشن بھرپور انداز میں اپنا کام کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے پرانے قوانین میں ترمیم کے بعد نئے قوانین کے تحت کام کیا جارہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیشن اینٹی ڈمپنگ کے معاملات پر کام کررہا ہے اور جن ممالک کے ساتھ مختلف مصنوعات سے متعلق معاملات چل رہے ہیں ان کو نمٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شراکت داروں کی مشاورت اور تاجروں کی شکایات پر اعتراضات کو دور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں امید ہے کہ کمیشن زیادہ مستعدی سے کام کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے قوانین کا جائزہ لے کر نئے قوانین اپنائے گئے ہیں تاکہ زیادہ بہتر انداز میں کام کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمیشن تاجر برادری کے ساتھ ہرممکن تعاون کرنے کے لئے پرعزم ہے۔