پاکستان میں سیاحتی شعبے کی ترقی کی بڑی صلاحیت ہے‘ پاکستان اور ترکی سیاحت کے فروغ کیلئے قریبی تعاون کرسکتے ہیں

وزیرمملکت برائے تعلیم وتربیت انجینئر بلیغ الرحمن کا ترکش ایئر لائن کے زیراہتمام کلچرل پروگرام سے خطاب

منگل 15 نومبر 2016 22:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) وزیرمملکت برائے تعلیم وتربیت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحتی شعبے کی ترقی کی بڑی صلاحیت ہے۔ پاکستان اور ترکی سیاحت کے فروغ کیلئے قریبی تعاون کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ترکش ایئر لائن کے زیراہتمام کلچرل پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تاریخی مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ انہوںنے پاکستان ترکی کے درمیان عوامی سطح پر روابط میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی دوست اسلامی ممالک ہیں ہمیں ایک دوسرے کے مزید قریب آنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہئے۔

کلچرل شو سے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے زبردست مواقع ہیں ہمیں تعلیمی ،ْ صحت ،ْ سپورٹس ،ْ کلچر کو فروغ دینا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان زیادہ سے زیادہ روابط کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک تاریخی طور پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں‘ پاکستان کو ترکی کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔

اس موقع پر ترک ایئر لائن کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ کیلئے ترک ایئر لائن اور پاکستان کی قومی ایئر لائن کی پروازوں میں اضافے پر زور دیا۔ کلچرل شو کے موقع پر مہمانان گرامی کو مختلف یادگاری نشانات بھی پیش کئے گئے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں ہائی کمشنر اور ایئر لائن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :