قومی اسمبلی کے NA-258 کے 24 نومبر کو ہونیوالے ضمنی انتخاب کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے، الیکشن کمشنر سندھ

جلد بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے بعد ان کی ترسیل بھی کی جائیگی، پونے 4 لاکھ کے قریب ووٹرز کیلئے 4 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں سیکورٹی کے انتظامات سخت کردیئے جائینگے ، پریزائیڈنگ کو درجہ اول کے مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے، میڈیا سے گفتگو

منگل 15 نومبر 2016 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) صوبائی الیکشن کمشنر آف سندھ تنویر ذکی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے NA-258 کے 24 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ جلد بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے بعد ان کی ترسیل بھی کی جائے گی۔ تقریباً پونے 4 لاکھ کے قریب ووٹرز کے لئے 4 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں۔

14 امیدوار مقابلے میں شریک ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات سخت کردیئے جائیں گے اور پریزائیڈنگ کو درجہ اول کے مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تنویر ذکی نے کہا کہ این اے 258 کا حلقہ کراچی کے نجی علاقوں پر مشتمل ہے اور یہ کراچی کا سب سے بڑا حلقہ ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے اسی حساب سے پولنگ اسٹیشنز بنائے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ ووٹرز کو کوئی پریشانی نہ ہو۔ انتخابی تیاریاں بھی آخری مرحلے میں ہیں۔ جلد بیلٹ پیپر کی چھپائی کا کام مکمل کرکے اس کی ترسیل شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کم 4 لاکھ کے قریب ووٹرز ہیں اور تقریباً 4 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں۔ پولنگ سے پہلے اور پولنگ کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے ماحول کو خراب ہونے سے بچانے یا کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پریزائیڈنگ آفیسر کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ کسی بھی غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف موقع پر ہی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 300 کے قریب پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ اسی طرح پولنگ بوتھ بھی خواتین اور مرد ووٹرز کے حساب سے بنائے گئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 14 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہے۔ پولنگ 24 نومبر کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی اور پانچ بجے تک جو ووٹرز پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوگئے وہ ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی عمل کے دوران انتخابی عملے اور متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔ شفاف انتخاب کے لئے کوشاں رہیں۔