زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں توانائی کی بچت اور متبادل ذرائع توانائی پر تحقیقی اُمور کا شعور اُجاگر کرنے کیلئے آگاہی واک کا اہتمام

منگل 15 نومبر 2016 22:25

فیصل آباد۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ انرجی سسٹم انجینئرنگ کے زیراہتمام توانائی کی بچت اور متبادل ذرائع توانائی پر تحقیقی اُمور کا شعور اُجاگر کرنے کیلئے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں یونیورسٹی انجینئرز‘ طلباء و طالبات نے بھرپور حصہ لیا تاکہ شہریوں کو توانائی کی بچت کے ساتھ ساتھ توانائی کے حصول کیلئے متبادل ذرائع کی تلاش کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقراراحمد خاں کی قیادت میں ہائرایجوکیشن کمیشن اور شعبہ انرجی سسٹم انجینئرنگ کے اشتراک سے واک کااہتمام کیاگیا تھاجس میں ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ و صنعتیات ڈاکٹر اللہ بخش‘ چیئرمین انرجی سسٹم انجینئرنگ ڈاکٹر انجم منیر‘ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل میں ایگری انجینئرنگ ڈویژن کے چیف ڈاکٹر منیر احمد‘ جرمن سائنس دان مسٹر فرٹیزبولمر‘ مسٹر ذاکر حسین و دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ اداروں اور گھروں میں کم توانائی سے چلنے والے بہت سے آلات نصب ہیں لیکن ان کو چلانے کیلئے بڑے سائز کی موٹریں استعمال کی جا رہی ہیں جس سے ضرورت سے کہیں زیادہ وولٹیج ضائع ہورہے ہیں۔ انہوں نے توانائی کی بچت کیلئے انرجی آڈٹ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متبادل ذرائع توانائی پر تحقیقات کو فروغ دینے اور اس میں سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں ہوا کے ذریعے 20ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے امکانات موجود ہیں جبکہ بائیوماس کو بروئے کار لاتے ہوئے بھی ہزاروں میگاواٹ بجلی سسٹم کا حصہ بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے انرجی سسٹم انجینئرنگ کا نیا ڈگری پروگرام شروع کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت کے تعاون سے پنجاب بائیو انرجی انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کیا گیا ہے جس سے متبادل ذرائع توانائی کیلئے باصلاحیت افرادی قوت میسر آئے گی۔

ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ و صنعتیات پروفیسرڈاکٹر اللہ بخش نے کہا کہ ملک میں پن بجلی کے ساتھ ساتھ سولر اورونڈ انرجی کے مواقعوں سے بھی فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج تمام شعبہ ہائے زندگی میں توانائی کی ضروریات ہر لمحہ بڑھ رہی ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ اس اہم شعبہ میںانڈسٹری اور گھریلو سطح پر سستی بجلی کی فراہمی کیلئے تمام مواقعوں سے فائدہ اُٹھایا جائے۔

انرجی سسٹم انجینئرنگ کے چیئرمین ڈاکٹر انجم منیر نے کہا کہ ملک کوچند ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ دوسرے ذرائع کے ساتھ ساتھ سولر ٹیکنالوجی کا موثر استعمال عمل میں لاتے ہوئے مستقبل میں بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی راہ ہموار کی جائے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے 20کلوواٹ گیسی فی کیشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :