ْحضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒکے 273ویں عرس مبارک،زرعی ، صنعتی اور مویشی کی نمائش کا اہتمام کیا گیا

منگل 15 نومبر 2016 22:21

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء)حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒکے 273ویں عرس مبارک کے موقع پرزرعی ، صنعتی اور مویشی کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس کا افتتاح صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو اور صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کیا ۔ اس موقع پر زرعی ، صنعتی اور محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران نے انہیں زرعی اجناس ، مقامی صنعتی ایجادوں اور مختلف مویشیوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ صوبہ سندھ زرعی اور مقامی صنعتی شعبے کے حوالے سے کافی مالا مال ہے تاہم سندھ کے اس شعبے کو مزید فروغ دلانے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران نے انہیں صوبے میں موجود گائیں، بھینسیں ، بکریوں سمیت دیگر مویشیوں سے متعلق آگاہی دی اور بتایا کہ دودھ اور گوشت کی مزید پیداوار کیلئے ملک کے مختلف حصوں سے اعلیٰ نسل کے جانور بھی طلب کیے جاتے ہیں ۔ بعد میں صوبائی وزیر نے مویشیوں کی نمائش اور خوبصورت جانوروں کے مالکان کو پہلا ، دوسرا اور تیسرا انعام دیا ۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری ثقافت اکبر لغاری ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز اور ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔