محرم الحرام کی طرح شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے،ڈی سی او راولپنڈی

منگل 15 نومبر 2016 22:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوند ل نے کہا ہے کہ10 محرم الحرام کی طرح شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر سمیت تمام تحصیلوں میں چہلم کے سلسلے میں ہونے والے جلوس اور مجالس کی مکمل کوریج کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس شدہ جلوس اور مجالس کے علاوہ نئے جلوس اور مجالس کے انعقاد کرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں اور کسی دوسرے روٹس پر جلوس لے جانے کی ہرگز اجازت نہ ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں انتظامی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی پی اسرار حمد عباسی ، ای ڈی او ایف اینڈپی رائو عاطف ررضا، اے ڈی سی جی نازیہ پروین سدھن ، اے سی صاحبان، ڈی ایس پیز ، ڈائریکٹر ریسکیو1122 ڈاکٹر عبدالرحمن ، ڈی او سول ڈیفنس سنجیدہ خانم ، ٹی ایم اوز سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی ۔

ڈی سی او طلعت محمود گوندل نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور ٹی ایم اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور جنریٹرز کے انتظامات کیے جائیں تاکہ بجلی کا شارٹ فل ہونے کی وجہ سے کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی اور کسی کے ساتھ کوئی روح رعایت نہ برتی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایم او راول ٹائون کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا اور اس ضمن میں تمام محکمے اپنے فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کسی بھی دشوار ی کا سامنا نہ کرناپڑیں ۔ اس موقع پر سی پی او اسرار احمد عباسی نے کہا کہ ٹریفک پلان جلد مرتب کیا جائے اور اس کے بارے میں عوام الناس کو آگاہ کیا جائے تاکہ چہلم کے موقع پر لوگ آنے جانے کے لیے روٹس کا تعین کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :