قطری شہزادے کی بخشیش والا راز پہلی بار قوم کے سامنے آیا: عوامی تحریک

میاں نواز شریف اب تک یہی کہتے رہے ہم جدی پشتی صنعت کار اور کھاتے پیتے لوگ ہیں قطری شہزادے نے تحفے کی رقم بریف کیس میں یاکسی بنک اکائونٹ میں جمع کروائی،اسکا پتہ بھی چلنا چاہیے وزارت عظمیٰ کے منصب کی تذلیل ہو رہی ہے،بشارت جسپال،فیاض وڑائچ،مخدوم ندیم ہاشمی

منگل 15 نومبر 2016 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران بشارت جسپال ، فیاض وڑائچ اورمخدوم ندیم ہاشمی نے پانامہ لیکس کیس کی پیروی میں حکمران خاندان کی طرف سے جمع کروائے گئے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ قطری شہزادے کی بخشیش والا راز پہلی بار قوم کے سامنے آیا۔ میاں نواز شریف اب تک یہی کہتے رہے کہ شریف خاندان جدی پشتی صنعت کاراور کھاتا پیتا خاندان ہے مگر اب قوم کو بتایا جا رہا ہے ان کی خوشحالی کے پیچھے ایک قطری شہزادے کی بخشیش ہے ۔

رہنمائوں نے کہاکہ میاں نواز شریف ایک بار ہی قوم سے سچ بول دیں پاکستان اور وزرات عظمیٰ کے منصب کی مزید تذلیل نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ ویسپا چلانے والے ن لیگی وزیر جو آج ارب پتی ہیں اپنے کرپٹ وزیر اعظم کے حق میں جھوٹ بولتے بولتے انکے چہروں کی رنگت سیاہ پڑ گئی مگر انہیں قوم کی غربت اور بے حالی پر رحم نہیں آ رہا ۔

(جاری ہے)

بشارت جسپال نے کہاکہ وزیر اعظم نے دو بار قوم سے خطاب کیا ،ایک بار پارلیمنٹ میں خطاب کیا مگر تینوں مرتبہ قطری شہزادے کی بخشیش کا ذکر نہیں کیا،یہ کون سے شہزادے ہیں جو کبھی لندن کے قرضے اتارنے کیلئے لاکھوں ڈالرز بھجوا دیتے ہیں کبھی کروڑوں کی بلٹ پروف گاڑیاں تحفے میں دے دیتے ہیں ۔

شریف خاندان کسی روز ان شہزادوں سے پاکستان کا قرضہ اتارنے کی درخواست بھی کر دے ،اگر ایسا ہو جائے تو پاکستان کے عوام انکے سارے جرائم نظر انداز کرنے پر تیار ہو جائینگے ۔انہوں نے کہا کہ میاںنواز شریف کی طرف سے دولت کے ذخائر کے ماخذ بتانے کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا جا رہا ہے یقینا میاں شریف کی روح بھی سر پکڑ کر بیٹھی ہو گی ۔مخدوم ندیم ہاشمی نے کہاکہ قطری شہزادے کی طرف سے ملنے والی بخشیش پر صرف اتنا ہی کہا جا سکتا ہے ’’شرم تم کو مگر نہیں آتی‘‘۔ رہنمائوں نے ایک سوال کرتے ہوئے کہا کہ قطری شہزادے نے 70کی دہائی میں تحفے کی رقم بریف کیس میں دی یا کسی بنک اکائونٹ میں جمع کروائی اور پھریہ رقم کس کے دستخطوں سے بنک سے نکالی گئی یہ دستاویزات بھی خط کا حصہ ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :