حضرت داتا گنج بخشؒ کے 973 ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات وسکیورٹی کو حتمی شکل دے دی

زائرین کی جان و مال کی حفاظت کے لئے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈی ٹیکٹرز عملہ سیکورٹی کو فراہم کر دئیے گئے ہیں حضرت امام حسین ؓکے چہلم سے متعلق سیکورٹی کے حوالے سے ڈویژن بھر میں کئے گئے انتظامات پر غور و خوص ہوا

منگل 15 نومبر 2016 20:11

حضرت داتا گنج بخشؒ کے 973 ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات وسکیورٹی کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء)حکومت پنجاب نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 973 ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات وسکیورٹی کو حتمی شکل دے دی ہے،عرس کی تقریبات 19 نومبر تا 21 نومبر 2016 ء تک جاری رہیں گی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کمشنر لاہور کے آفس میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا - جس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا محمد ارشد ، کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سمبل ، ڈی سی او شیخو پورہ ارقم طارق ، ڈی سی او ننکانہ ساحرہ عمر، ڈی سی او قصور عمارہ خان ، ڈ ی اوسی لاہور سندس ارشاد ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار ،ڈی پی اوز شیخوپورہ ، ننکانہ ، قصور ،اہل تشیع کے لائسنس ہولڈرز آغا شاہ حسین قزلباش ، بشارت کربلائی ، توقیر بابا،علا مہ محمد حسین اکبر ، علامہ مشتاق جعفری کے علاوہ ریسکیو 1122 ، سوئی گیس ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندگان و ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی - اجلاس کو بتایا گیا کہ مخدوم الاولیا حضرت علی بن عثمان الہجویری المعرف حضرت داتا گنج بخشؒ کے 973 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، سیکورٹی کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ دربار کے چاروں اطراف زائرین کی جان و مال کی حفاظت کے لئے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈی ٹیکٹرز عملہ سیکورٹی کو فراہم کر دئیے گئے ہیں-اس کے علاوہ اندرون و بیرون دربار 155 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی کے تحت عرس مبارک کی تقریبات میں شمولیت کرنے والوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی - اجلاس کو بتایا گیا کہ دربار کے اندر لگے کیمروں کی مدد سے دربار میں قائم کنٹرول روم شب و روز متحرک رہے گا-ڈی او سی نے اجلاس کو بتایا کہ زائرین کے علاج معالجہ کے لئے محکمہ صحت کے کاؤنٹر بھی لگائے گئے ہیں جہاں تمام تر ادویات مہیا کی جائیں گی -ریسکیو 1122 کی 32 گاڑیاں 24 گھنٹے موجود ہوں گی جبکہ شہری دفاع کی فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی موجود ہوں گی اور محکمہ فوڈ اتھارٹی لنگر کی اشیاء کو چیک کرنے پر مامور ہو گا -بعد ازاں حضرت امام حسینؓ کے چہلم سے متعلق سیکورٹی کے حوالے سے ڈویژن بھر میں کئے گئے انتظامات پر غور و خوص ہوا -اجلاس میں اہل تشیع کے لائسنس ہولڈرز نے عاشورہ محرم پر بہتر انتظامات پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی وزیر مجتبی شجاع الرحمن سے استدعا کی کہ چہلم کے حوالے سے پارکنگ اور عزا داری کے راستوںپر تجاوزات اور گلیوں میں لٹکنے والی بجلی کی کھلی تاروں کو ہٹانے کی اپیل کی -جس پر صوبائی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ عشرہ محرم کی طرح ڈویژنل انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور چہلم کی تقریبات کے لئے فول پروف سیکورٹی کے تمام ترانتظامات کر لئے گئے ہیں اور ہر پاکستانی کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے -