عدل و انصاف کی فراہمی کے لئے مقدمات کا اندراج اور تفتیش میرٹ پر کی جائے،آر پی او

منگل 15 نومبر 2016 20:03

گوجرانوالہ۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)ریجنل پولیس آفیسر محمد طاہر نے کہا کہ عدل و انصاف کی فراہمی کے لئے مقدمات کا اندراج اور تفتیش میرٹ پر کی جائے‘ جدید سائنسی اصولوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہو ئے مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ مقدمات کے چالان بلا تاخیر اندر میعاد عدالت مجاز میں جمع کروائے جائیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز اپنے آفس میں پولیس افسران کی کرائم میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میٹنگ میںریجن بھر کے ڈی پی اوز کے علاوہ سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر ،ایس ایس پی ریجنل انویسٹی گیشن خالد بشیر چیمہ ، اے ڈی آئی جی اطہرعلی و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ آر پی او نے ضلع وائز کارکردگی کاجائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سٹی پولیس آفیسراو ر ڈی پی او ز کو ہدایت کی کہ مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کو یقینی بناتے ہوئے اس مہم کو ڈیلی بیس پر خود مانیٹر کریں۔

مجرمان اشتہاری کی جائیداد کو محکمہ مال کے ذریعے قرق کروایا جائے۔آر پی او نے مزید ہدایت کی کہ تفتیشی افسر کے لئے لازم ہے کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر وقوعہ کا موقع ملاحظہ کریں اور مقدمات کی ضمنیات تحریر کرتے وقت عدل وانصاف کو ملحوظ رکھا جائے۔چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں مال کی برآمدگی کو یقینی بناکر عدالت کے حکم سے اصل مالک کے حوالے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گشت اور ناکہ بندی کے نظام کو چیک کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی پوائنٹ کو جدید آلات کے ذریعہ فعال بنائیںاس طرح مویشی چوروں اور کار چوروں کی نقل وحمل پر کڑی نظر رکھی جائے۔ میٹنگ کے آخر میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد طاہر نے کہا کہ محنت ، ایمانداری اور دیانتداری سے کار سرکار انجام دے کر مخلوق خدا کی خدمت کر کے محکمہ کی توقیر میں اضافہ کا موجب بننے والے پولیس افسرکو انعام و اکرام سے نوازا جائے گا جبکہ سست روی، کاہلی اور کار سرکار میں عدم دلچسپی لینے والے اور کرپشن میں ملوث پولیس افسران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔