حکومت روحانی خانقاہوں کو بند کرنے کی بجائے انکی سیکورٹی کا بندو بست کرے‘سید ریاض حسین شاہ

ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کے منافی ہے، اقوام متحدہ بھار ت کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے

منگل 15 نومبر 2016 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ درگاہ شاہ نورانی کو بند کرنے کا فیصلہ قابل قبول نہیں ہے،حکومت روحانی خانقاہوں کو بند کرنے کی بجائے انکی سیکورٹی کا بندو بست کرے، ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کے منافی ہے، اقوام متحدہ بھار ت کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے،بھارت پاکستان کے امن پسند رویے کو کمزوری سمجھ رہا ہے اس لئے بھارتی اشتعال انگیزی کامنہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں صدائے محراب کے عنوان سے منعقدہ ہفتہ وار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے قوم متحد ہے۔

(جاری ہے)

مزارات اولیاء کی بے حرمتی کرنے والے دنیا و آخرت میں رسوا ہونگے۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ ملکی استحکام و دین کی سر بلندی کیلئے قوم کو حب رسول کی بنیاد پر متحد کریں گے۔ پاکستان شمع رسالت کے پروانوں کی سرزمین ہے۔ بے گناہوں کا خون بہانے والے مفسدین ہیں۔ کتاب و سنت کے خلاف قانون سازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اہل حق پاکستان کے دفاع کیلئے تن ، من اور دھن کی بازی لگائیں گے۔ عقیدہ و نظریہ کو سیاست پر قربان نہیں کیا جاسکتا۔