عوام کے مسائل و مشکلات ان کی دہلیزپر حل کرنے میں بلدیاتی نمائندوں کا کلیدی کر دار ہے،قائم مقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی

منگل 15 نومبر 2016 19:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) قائم مقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل و مشکلات ان کی دہلیزپر حل کرنے میں بلدیاتی نمائندوں کا کلیدی کر دار ہے۔ بلدیاتی اداروں کی فعالی اور استحکام سے صوبے بھر کی مجموعی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اس ضمن میں بلدیاتی نمائندے اپنی اعلیٰ کارکردگی کے ذریعے عوام کی عین امنگوں کے مطابق کام کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بلدیاتی نمائندوںکے ایک وفد سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت سابق میئر عبد الرحیم کاکڑ کر رہے تھے ۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر نے کہا کہ تمام صاحب اختیار لوگوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے ادائرہ اختیار میں رہ کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دیانتداری سے اپنے فرائض سر انجام دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری فنڈز کے دیانتداری سے خرچ کرنے سے زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام نے ان پر اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے آپ بھی اپنے کردار کی مضبوطی اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہو کر عوام کے اعتماد پر پورا اتریں۔ وفد نے قائم مقام گورنر کو بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل ، عوامی مشکلات اور فنڈز کی عدم فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ قائم مقام گورنر نے فنڈز کے اجراء اور درپیش مشکلات حل کرنے سے متعلق ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔