پانامہ لیکس کیس میں وزیراعظم پاکستان نواز شریف سرخرو ہوں گے، شیخ قیصر محمود

منگل 15 نومبر 2016 16:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) اوورسیز شیخ قیصر محمود نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کیس میں وزیراعظم پاکستان نواز شریف سرخرو ہوں گے، پانامہ لیکس کا شور مچانے والے تو خود آف شور کمپنی کے مالک ہیں، عدالت عظمیٰ سے وزیراعظم اور ان کے خاندان کو مکمل انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اب حقیقت بن گیا ہے، سی پیک اور گوادر بندرگاہ منصوبے مکمل ہونے پر پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو جائے گا، اس منصوبے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ممدومعاون ثابت ہوں گی اور یہ منصوبہ ملک کی تقدیر بدل دے گا۔

جاری بیان میں شیخ قیصر محمود نے مزید کہاکہ اقتصادی راہداری کو ناکا م بنانے کی سازشیں کی جارہی ہیں،یہ حکومت کا نہیں پورے ملک کا منصوبہ ہے اسے سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھاناچاہیے،پاکستان مسلم لیگ(ن) کا وژن پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے، وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ تبدیلی دھرنوں اورجھوٹے وعدوں سے نہیں تعمیر وترقی کے کاموں سے آتی ہے، اپوزیشن جماعتوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اس لئے وہ آئے روز ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کیلئے پتلی تماشا شروع کر دیتے ہیں مگر عوام نے ترقی مخالف ایجنڈا مسترد کردیا ہے،منفی سیاست کرنے والے آج خود انتشار کاشکار ہیں۔شیخ قیصر محمود نے کہاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں آنیوالی تمام تر رکاوٹیں ہمیں مل کر ناکام بنانا ہوں گی، پاکستان مسلم لیگ(ن) اپنی شرافت اور دیانت سے اس ملک کی خدمت جاری رکھے گی، عوام نے ملک کے استحکام کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے، عمران خان چیختے اور چلاتے رہیں گے لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں ایک بارپھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔