وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کا پنو عاقل کا دورہ

ٹائون کمیٹی سینٹر میں بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے کے رجسٹریشن ڈیسک کا معائنہ

منگل 15 نومبر 2016 16:59

وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کا پنو عاقل کا دورہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ایم این اے ماروی میمن نے منگل کو پنو عاقل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹائون کمیٹی سینٹر میں بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے کے رجسٹریشن ڈیسک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے رجسٹریشن کے طریقہ کار کا مشاہدہ کیا اور وہاں موجود لوگوں کی رائے جاننے کیلئے ان سے بات چیت کی۔

سروے کے ابتدائی مرحلہ کا آغاز جون میں ہری پور سے کیا گیا جس کے بعد ستمبر میں بہاولپور اور سکھر جبکہ اکتوبر میں نصیر آباد میں سروے کیا گیا۔ ان اضلاع میں ڈیسک رجسٹریشن کے طریقہ کار کو اپنایا جارہا ہے۔ بی آئی ایس پی نے ان اضلاع میں اب تک 1, 48,345 خاندانوں کو رجسٹرڈ کیا ہے۔ اب تک ہر ی پور میں 48,890، بہاولپور میں 63,657، سکھر میں 24,935 اور نصیر آباد میں 10,863 خاندانوںاندراج ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

سکھر کے 36مراکز میں 113کائونٹرزقائم ہیں جو 89,249 خاندانوں کے اعدادو شمار کا اندراج کرسکتے ہیں۔ پنو عاقل کے 12مراکز میں 32کائونٹرز قائم ہیں جو 52,364 خاندانوں کے اعداد و شمار کا اندراج کر سکتے ہیں اور ان میں 6,122 خاندانوں کا اندراج کیا جا چکا ہے۔ ا س موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ مستحق افراد کی نشاندہی اور ان کے انتخاب کے حوالہ سے بی آئی ایس پی کا شمار دنیا کے پانچ بہترین سوشل سیفٹی نیٹس میں ہوتا ہے، ہم قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر) کے اندراج سے اسے اول نمبر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا این ایس ای آر ایک اہم قومی اثاثہ ہے جو بی آئی ایس پی کے علاوہ مختلف سرکاری محکموںکے تعاون سے معاونت، پیشہ وارانہ تربیت، مائیکرو فنانس، تعلیم اور صحت کے فلاحی پروگراموں کی ڈیزائننگ کیلئے کام کررہا ہے۔ سروے کیلئے ڈیسک رجسٹریشن اور گھر گھر سروے کے طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے تاکہ کوئی مستحق گھرانہ سروے میں شامل ہونے سے نہ رہ جائے۔

ابتدائی مرحلے میں پاکستان کے 16اضلاع میں سروے کیا جائے گا۔ دسمبر 2016ء سے جن 12اضلاع میں گھر گھر سروے کا آغاز کیا جائے گا ان میں جیکب آباد، ٹھٹھہ، مہمند ایجنسی، گلگت، میر پور، لیہ، چکوال، فیصل آباد، کچھ، قلعہ سیف اللہ، لکی مروت اور چارسدہ شامل ہیں۔ مارچ 2017ء کے اختتام پرسروے کا ابتدائی مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا اور جولائی 2017ء سے ملک گیر سروے کی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔

مارچ 2018ء تک سروے مکمل کرلیا جائیگا۔دورے کے دوران، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے امن و امان کے حوالے سے مقامی حکومت کے تعاون پر زور دیا اور کہا کہ سماجی تحریک سروے کی تکمیل کیلئے بہت اہم ہے۔ رجسٹریشن سائٹ پر دورے کے دوران، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے متعلقہ حکام کو اندراج کے عمل میں لوگوں کی معاونت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لوگوں کو مطلع کیا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بی آئی ایس پی کے ہاٹ لائن نمبر 0800-26477پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :