او جی ڈی سی ایل رواں مالی سال کے دوران 25 نئے کنویں کھودے گی

منگل 15 نومبر 2016 16:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) رواں مالی سال کے دوران 25 نئے کنویں کھودے گی۔ منگل کو او جی ڈی سی ایل کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ او جی ڈی سی ایل نے 2016-17ء کے دوران 25 کنویں کھودنے کا ہدف مقرر کیا ہے جسے حاصل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور حکومت میں گیس اور تیل کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں نے 90 کنویں دریافت کئے ہیں جبکہ کامیابی کی شرح 31 فیصد سے بڑھ کر 55 فیصد ہو گئی ہے ، گزشتہ حکومت کے اتنے عرصہ کے دوران 35 کنویں دریافت کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور حکومت میں 944 ملین کیوبک فٹ روزانہ گیس نظام میں شامل کی گئی ہے۔ اس میں سے 466 ملین کیوبک فٹ گیس روزانہ نئے کنوئوں سے جبکہ 478 ملین کیوبک فٹ گیس روزانہ پرانے کنوئوں سے حاصل کی جا رہی ہے جبکہ خام تیل کی پیداوار میں 32 ہزار بیرل روزانہ کا اضافہ ہوا ہے۔