جہانگیر بدرنے ضیاء کے کوڑے کھا کر بھی پیپلز پارٹی نہیں چھوڑی تھی،نواب یوسف تالپور

اللہ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے ،لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے، رکن قومی اسمبلی

منگل 15 نومبر 2016 16:01

جہانگیر بدرنے ضیاء کے کوڑے کھا کر بھی پیپلز پارٹی نہیں چھوڑی تھی،نواب ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) رکن قومی اسمبلی اورپیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نواب یوسف تالپور نے پارٹی کے سابق مرکزی جنرل سکریٹری جہانگیر بدر کے انتقال پر انتہائی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔انھوں نے کہا کہ جہانگیر بدر کی پارٹی اورجمہوریت کی بحالی کے لئے جدوجہد ناقابل فراموش ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جنرل ضیأ الحق کے مارشل لأ کے خلاف کی جانے والی ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی جس کی پاداش میں انھیں کوڑوں اور قید و بندکی صعو بتیں برداشت کرنی پڑیں۔انھوں نے کہا کہ پارٹی اور جمہوریت کے لئے ان کی قربانیوں کے صلے میں ہی شہید بینظیر بھٹو نے انھیں پارٹی کا مرکزی جنرل سکریٹری بنایا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وہ انتہائی نوجوانی میں پارٹی میں شامل ہوئے تھے اور مرتے دم تک پارٹی میں شامل رہے۔انھوں نے کہا کہ مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کے لئے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔