نیب کی لوگوں کو بدعنوانی سے آگاہی اور تدارک مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کردار سازی کی 42 ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی گئی ہیں

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کا اجلاس سے خطاب

منگل 15 نومبر 2016 15:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کی لوگوں کو بدعنوانی سے آگاہی اور تدارک مہم کے 2015ء میں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ مہم رواں سال بھی جاری ہے، نیب نے بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کردار سازی کی 42 ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کی بدعنوانی کی روک تھام بالخصوص ملک بھر میں جاری آگاہی اور تدارک کی مہم ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے بدعنوانی سے انکار کی مہم میں مختلف سرکاری، غیر سرکاری تنظیموں، سول سوسائٹی، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقوں کو شامل کیا ہے جس کے مثبت نتائج آئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے یہ مہم 2016ء میں بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طبقوں کی تجاویز پر نیب کی آگاہی اور تدارک کی مہم ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کو پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ملک بھر میں موثر انداز میں اجاگر کیا جا رہا ہے جسے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی بدعنوانی سے روک تھام کی مہم بدعنوانی سے انکار کے تحت نیب کی کوششوں سے تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر اردو اور انگریزی میں نیب کا پیغام ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ملک بھر کے کالجوں، یونیورسٹیوں اور سکولوں کے طالب علموں میں بدعنوانی سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جبکہ اس مقصد کے لئے مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں 42 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوئی ناردرن پائپ لائن، آئیسکو، لیسکو، گیپکو، فیسکو اور کے الیکٹرک کے بجلی اور گیس کے بلوں پر نیب کا پیغام ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ درج کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان پوسٹ نے خصوصی یادگاری ٹکٹ جاری کیا جس پر نیب کا ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا پیغام درج ہے۔ نیب نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے تمام 24 لاکھ ڈرائیونگ لائسنسوں پر نیب کا ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا پیغام درج ہے۔

پاکستان فلم سینسر بورڈ کے تعاون سے ملک بھر کے سینما گھروں میں قومی ترانے سے پہلے نیب کا ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا ویڈیو پیغام پیش کیا جاتا ہے۔ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تمام سرکاری اداروں کے اخبارات میں شائع ہونے والے ٹینڈرز پر نیب کا ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا پیغام درج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2015ء میں نیب کی انسداد بدعنوانی حکمت عملی بالخصوص آگاہی اور تدارک مہم اور قانون پر عمل درآمد کیا گیا جو کہ 2016ء میں بھرپور انداز میں جاری ہے۔ قمر زمان چوہدری نے کہا کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور تمام متعلقہ فریقین کی مدد سے بدعنوانی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :