ایبٹ آبادسبزی منڈی میں تجاوزات اور گندگی کی بھرمار

منگل 15 نومبر 2016 14:37

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) سبزی منڈی ایبٹ آباد میں تجاوزات اور گندگی کی بھرمار نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ سبزی منڈی روڈ پر قبضہ مافیا نے تھڑے اور ریڑھیاں لگا لیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام رہنے لگی ہے، صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے جگہ جگہ گندی کے انبار لگے ہوئے ہیں جن کی بدبو سے متعدد بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

ایبٹ آباد میں خرید و فروخت کیلئے آنے والے گاہکوں، دکانداروں اور تاجروں نے صحافیوں کو بتایا کہ سبزی منڈی ایبٹ آباد مسائل کی آماجگاہ بن چکی ہے جہاں پر بنیادی ضروریات اور سہولتوں کا فقدان ہے، شہر کے تجارتی مراکز پرقبضہ مافیا نے سڑک اور سرکاری جگہ پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جن کے خلاف کارروائی کی اشد ضرورت ہے، ریڑھی بانوں اور تھڑے فروشوں نے بھی سڑک کے دونوں اطراف قبضہ جما لیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے جس کے باعث دور دراز سے آنے والے شہریوں کوشدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتاہے جبکہ صفائی کا فقدان ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ گندگی کے انبار لگے ہیںجس کی وجہ سے سبزی منڈی میں بدبو سے متعدد بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے، سبزی منڈی میں پینے کے صاف پانی، واش رومز اور سٹریٹ لائٹس جیسی بنیادی ضروریات کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے افسران بالا سے اپیل کی ہے کہ سبزی منڈی میں تجاوزات ہٹائی جائیں، سڑک اور سرکاری جگہ کو واگزار کرنے کیلئے آپریشن کیا جائے تاکہ عوامی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔