ناقص کارکردگی پر پوچھ گچھ اور اعلیٰ کام پر انعامات صوبائی حکومت کی اچھی روایت ہے، ضلع ناظم ہری پور

منگل 15 نومبر 2016 14:33

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) ضلع ناظم ہری پور عادل اسلام نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم غیر تسلی بخش نتائج دینے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ ان سکولوں کی تعلیمی حالت کو بہتر بنایا جائے۔ وہ گذشتہ روز صوبائی حکومت کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گورنمنٹ ہائی سکولوں کے پرنسپلز اور اساتذ ہ میں چیک فراہمی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالسلام، رکن ضلع کونسل اور چیئرمین ایجوکیشن کمیٹی سردار ممتاز خان اور پرنسپل عباس خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناقص کارکردگی پر پوچھ گچھ اور اعلیٰ کام پر انعامات صوبائی حکومت کی اچھی روایت اور خوش آئند بات ہے، اس سے سزا وجزا کے ساتھ ساتھ کارکردگی میں بھی مزید بہتری آئے گی، اس پالیسی کے تحت بیسٹ پرفارمنس والے سکولوں کے پرنسپل کو ایک لاکھ جبکہ اس سکول کے باقی اساتذہ کو پچاس پچاس ہزار روپے کے چیک دیئے گئے ہیں جبکہ سکولوں کا انتخاب ان کی داخلوں اور ڈراپ آئوٹ کی شرح اور امتحانی نتائج کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی ڈی ای او حافظ نواز خان عباسی، اے ڈی او حق نواز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ضلع ناظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبہ میں تعلیمی بہتری کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے، صوبہ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ ہے، سکولوں میں تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے سکولوں میں آئی ٹی لیب کے قیام کا مطالبہ کیا تھا جسے صوبائی حکومت نے فی الفور پورا کر دیا ہے، اس وقت تک ہری پور کے 14 ہائی سکولوں میں یہ لیب قائم کر دی گئی ہیں جبکہ ہونہار طلباء کیلئے لیپ ٹاپ سکیم بھی شروع کر رکھی ہے، انشاء الله سکالر شپ سکیم بھی شروع کریں گے لیکن وہ اس کے ساتھ محکمہ تعلیم سے درخواست کرتے ہیں کہ جو سکول تسلی بخش امتحانی نتائج نہیں دے رہے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے تاکہ تعلیم نظام بہتر ہو۔

اس موقع پر انہوں نے پرنسپل اور ٹیچر ز میں چیک تقسیم کئے، جن اساتذہ نے چیک وصول کئے ان میں کے ٹی ایس نمبر3کے سید وقار احمد، محمد افضل، محمد اجمل، شکیل احمد، پیر محمد، سرائے گدائی کے خضر حیات، جاوید اختر، محمد وسیم، محمد شفیق اختر، سجاد احمد، سردار زبیر، قاری شفیق الرحمن، زبیر احمد، بیڑ کے محمد اجمل خان، فدا محمد، ضیاء الرحمن، شاہد حفیظ، محمد اجمل خان، رب نواز، محمد اسلم، گندف کے عبدالوحید، شہزادہ خان، محمد اشرف، اخلاق احمد، شفیق احمد، محمد نعیم، محمد اعظم، سجاد حیدر شاہ اور عباس خان شامل ہیں۔