ڈائریکٹر جنرل شہری دفاع آزاد کشمیر ذوالفقار علی کی ریٹائرمنٹ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد

پیشہ وارانہ خدمات کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا

منگل 15 نومبر 2016 14:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء)ڈائریکٹر جنرل شہری دفاع آزاد کشمیر ذوالفقار علی کی ریٹائرمنٹ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد۔ان کی پیشہ وارانہ خدمات کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین ۔تقریب سے سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی و شہری دفاع ظہیر الدین قریشی ،ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا،ڈپٹی ڈائریکٹر شہری دفاع طارق قریشی،ڈپٹی ڈائریکٹر شہری دفاع صداقت میر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سول ڈیفنس محمد اسلم، اشتیاق احمد خان، اسدحفیظ چغتائی،کمانڈنٹ سول ڈیفنس امان اللہ نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظہیر الدین قریشی نے کہا کہ ڈی جی سول ڈیفنس نے دوران سروس قانون و قاعدے کی عملداری کو اپنا شعار بنایا اور محکمہ کی بہتری کیلئے اپنا جاندار کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی ایک با صلاحیت آفیسر تھے جنہوں نے کبھی غیر قانونی دبائو قبول نہیں کیا ۔ ان کی وجہ سے محکمہ کی پیشہ وارانہ کارکردگی میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آفیسران ان کی سروس کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں۔ ایسے با صلاحیت آفیسران ریاست کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے ریاست کیلئے جو خدمات سرانجام دیں اس پر آج وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائر ہونے والے ڈائریکٹرجنرل شہری دفاع ذوالفقار علی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی ملازمت بھرپور انداز میں مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو رہا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے دوران سروس آفیسران اور اہلکاران کا بھرپور تعاو ن حاصل رہا ہے ۔مجھے خوشی ہے میں نے اپنی ساری سروس ریاست اور عوام کی بہتری کیلئے گزاری اور اپنی صلاحیتوں کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے برئوے کار لایا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ شہری دفاع آج پوری ٹیم کی محنت کی وجہ سے ترقی کی راہ پر گامز ن ہے ۔ نئے آنے والے آفیسران سے امید کرتا ہوں کہ وہ اس سفر کو جاری رکھیں گے اور محکمہ کی نیک نامی میں اضافہ کرتے رہیں گے۔ تقریب کے آخر میں ریٹائر ہونے والے ڈائریکٹر جنرل شہری دفا ع ذوالفقار علی کو شیلڈ اور تحائف بھی دئیے گئے۔