غرب اردن میں پرامن فلسطینی مظاہرین پر صہیونی فوج کا حملہ، متعدد شہری زخمی ہوگئے

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، پانچ کی حالت تشویشناک

منگل 15 نومبر 2016 13:57

اریحا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے متصل وادی اردن کے علاقے میں صہیونی ریاست کے مظالم کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنیوالے فلسطینیوں پرصہیونی فوج نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز وادی اردن کے شمالی علاقے العوجا میں سیکڑوں شہریوں نے صہیونی ریاست کے مظالم، آئے روز فوجی مشقوں کی آڑ میں گھروں سے نکالے جانے اور فلسطینی املاک پر حملوں کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔

ہلال احمر فلسطین نے بتایا کہ صہیونی فوج نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ان پر مرچوں سے ملا بدبودار پانی چھڑکا۔

(جاری ہے)

لاٹھی چارج اور ربڑ کی گولیوں کے استعمال کے نتیجے میں کم سے کم پانچ شہری شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم کردہ اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وادی اردن میں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ اس وقت کیا جب صہیونی فوج نے ایک مقامی فلسطینی شہری کا مکان مسمار کرکے گھرمیں رہنے والے کئی افراد کو بے گھر کردیا۔

مکان کی مسماری کیخلاف فلسطینی احتجاج کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ صہیونی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :