سبزیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

منگل 15 نومبر 2016 13:15

فیصل آباد۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)محکمہ زراعت نے سبزیوں کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے سبزیات کے تمام کاشتکاروں سے کہا ہے کہ وہ موسم سرما کے دوران سبزیوں کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے مٹر ، بھنڈی ، گوبھی، ٹماٹر ، مرچ ، لوبیا، چپن کدو اور دیگر سبزیوں کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تدارکی تراکیب پر عمل یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ اکھیڑا ، پھپھوند سے پھیلنے والی بیماری ہے جو سبزیوں کو بری طرح متاثر کرتی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ اکھیڑا کے حملہ سے پودوں کی جڑیں گل جاتی ہیں اور پوداا پنی عمر کے کسی بھی حصہ میں متاثر ہو سکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکاروںکو چاہیے کہ وہ اس بیماری کے بروقت انسداد کیلئے بینلٹ یا ڈائی تھین ایم 45کا استعمال کریں ۔ انہوںنے کہاکہ بیماری سے پاک دیسی کھاد کا استعمال اور فصل کا مناسب ہیر پھیر بھی سبزیوں کو اکھیڑا کی بیماری سے بچانے میں معاون ثابت ہو سکتاہے۔