مکئی کے ذخیرہ کیلئے گوداموں کوصاف کرنے کی ہدایت

منگل 15 نومبر 2016 13:15

فیصل آباد۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے مکئی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ مکئی کی برداشت کے بعد پیداوار کے ذخیرہ کیلئے گوداموں کو کیڑے مکوڑوں سے اچھی طرح پاک وصاف کرلیں تاکہ ذخیرہ شدہ جنس کو سونڈ والی سسری کے پروانے اور سنڈی سمیت دیگر کیڑوں سے بچایاجاسکے۔ انہوںنے بتایاکہ یہ کیڑے مکئی کے دانوں کو اندر سے کھا کر کھوکھلا کردیتے ہیںاسی طرح آٹے کی سسری اورکھپرابھی مکئی کے دانوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے ۔

انہوںنے کہاکہ یہ سنڈیاں دانوں میں سوراخ کر کے اندر داخل ہو جاتی ہیں اور کویا بننے تک دانوں میں ہی رہتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار گودام کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے انہیں صاف ستھرا رکھیں، فرش، دیواروں اور چھتوں میں موجود د دراڑیں اور سوراخ اچھی طرح بند کر دیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گوداموں میں پہلے سے موجود خالی بوریوں میں پناہ لئے ہوئے کیڑوں کے تدارک کیلئے گوداموں کو حسب ضرورت گرم کریںاور ایسے گودام جو بند کیے جا سکیں ان میں ایگٹاکسن کی دھونی بحساب 25 سے 30 گولیاں فی ہزار مکعب فٹ حجم کریں۔

انہوںنے کہاکہ اس عمل کے دوران پرانی بوریاں بھی اس گودام میں رکھ دیں تاکہ ان میں موجود کھپرے، سسری کے انڈے اور بچے وغیرہ مر جائیں۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے مقامی فیلڈ عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر گودام میں سپرے کیاجائے ۔