ترک صدر کل پاکستان پہنچیں گے ، پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے

رجب طیب اردگان کا صدرات کا منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا

منگل 15 نومبر 2016 12:52

ترک صدر کل پاکستان پہنچیں گے ، پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کل ( بدھ ) سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے ۔ صدرات کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔ انہیں اس دورے کی دعوت صدر ممنون حسین نے دی ہے۔دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق صدر اردگا ن کے ہمراہ وزراء، اعلی حکام سمیت ایک اعلی سطح کا وفد آ رہا ہے جبکہ ترک تاجروں کا ایک وفد بھی ہو گا وہ صدر ممنون حسین سے ملاقات کے علاوہ وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ مذاکرات بھی کریں گے ۔

دونوں رہنمائوں کے درمیان مذاکرات میں دوطرفہ امور کے تمام پہلوئوں سمیت علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر بھی بات چیت ہو گی ۔ ترک صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ترک صدر کے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر معزز مہمان کے اعزاز میں ضیافت دیں گے ۔

صدر رجب طیب اردگا ن لاہور بھی جائیں گے جہاں وزیر اعظم شاہی قلعہ میں ان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کریں گے ۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو ترک صدر کے دو روزہ دورہ کے موقع پر حکومت پاکستان کا وزیر مہمانداری مقرر کر دیا گیا ۔دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید ٹھوس بنانے میں مدد ملے گی ۔دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق ترک صدر اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان خطہ کی صورت حال ، نئی امریکی انتظامیہ کی آمد اور دیگر ایشوز پر مشاورت ہو گی جبکہ ترک صدر کا دورہ پاکستان ڈیفنس اور اقتصادی معاملات میں پیشرفت کے حوالے سے اہم ہو گا ۔

خارجہ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ترک صدر کو پاکستان میں اقتصادی شعبہ میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیاجائے گا اور سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ترکی کے ساتھ پاکستان کے گہرے رشتوں کے باعث ترک صدر کے دورہ پاکستان سے علاقائی صورت حال میں بعض ایشوز پر مشترکہ حکمت عملی بھی طے ہو سکتی ہے ۔ خارجہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت ترکی کے صدر کو کشمیر کاز خصوصاً بھارت کے جارحانہ عزائم سے نمٹنے کے لئے دوست ممالک سے ملکر کر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دے گی

متعلقہ عنوان :