شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عالمی امن، ہم آہنگی ،برداشت کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں پھیلایا جائے، بلاول بھٹو زرداری

پیر 14 نومبر 2016 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عالمی امن، ہم آہنگی اور برداشت کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں پھیلایا جائے تاکہ دنیا کا ہر شہری سندھ کے اس عظیم بزرگ کے انسانیت اور صوفیانہ درس پر عبور حاصل کر سکے، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 273ویں عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹائی سرکار کی سدا حیات اور روحانی شاعری میں موجود انسانی اخوت اوربھائی چارے والا درس عالمی امن کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ بھٹائی کی شاعری کو مزید علاقائی اور عالمی زبانوں میں ترجمہ کرواکر اس ادبی، روحانی اور فلسفانہ خزانے کو پوری دنیا میں پھیلایا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی فلسفہ کی تاریخ کے روشن ستارے کے مانند رہیں گے جنہوں نے علاقے کے تاریخی اور ہیرو کرداروں کو اپنی سدا حیات اور لافانی شاعری میں سما کر محفوظ بنایا ہے،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان کی پارٹی اس دھرتی کے صوفیاء کرام کے درس کو آگے بڑہانے کا عمل جاری رکھے گی جنہوں نے بلا امتیازپیار، امن، اخوت اور انسانی ہم آہنگی کا درس دیا ہے،بلاول بھٹو زرداری نے زوردیا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی درگاہ پرسیکیورٹی میں اضافہ کرکے ان کے 273ویں عرس پر بھٹ شاہ آنے والے زائرین اور عقیدتمندوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے۔