بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری اپنے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کر رہا ہے ‘ سردار ایاز صادق

جنرل راحیل شریف ملک کے سپہ سالار ہیں ، انکی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے کو زیر بحث لاکر ان کی شخصیت کو متنازع نہیں بنانا چاہیے پانامہ لیکس کیس سپریم کو رٹ میں زیر سماعت ، عدالت میں چلنے والے کسی بھی کیس کو زیر بحث لا کر اس پر اثر انداز ہونے کی کو شش کرنی چاہیے

پیر 14 نومبر 2016 22:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری اپنے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کر رہا ہے ، جنرل راحیل شریف ملک کے سپہ سالار ہیں ، ان کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے کو زیر بحث لاکر ان کی شخصیت کو متنازع نہیں بنانا چاہیے ، پانامہ لیکس کاکیس سپریم کو رٹ میں زیر سماعت ہے ، عدالت میں چلنے والے کسی بھی کیس کو زیر بحث لا کر اس پر اثر انداز ہونے کی کو شش کر نی چاہیے ، بلاول کو چاہیے کہ اپنے سیاسی مخالفین سے عزت کے دائر ے میں رہ کر بات کریں ، جہانگیر بدر نے جمہوریت کیلئے جتنی قربانیاں دی ہیں اتنی بہت ہی کم لوگوں نے دی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ پیر غازی روڈ اچھرہ کے علاقے کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کر رہا ہے ، جب سے برہان الدین وانی کی شہادت ہوئی ہے تب سے بھارت کی اس بربریت میں شدت آگئی ہے کیونکہ برہان الدین وانی کی شہادت نے کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاکر دی ہے ، بھارت وہاں انسانوں پر وہ گولیاں برسا رہا ہے جو کہ جانوروں پر بھی نہیں برسائی جا تیں ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کاکیس سپریم کو رٹ میں زیر سماعت ہے ، میں اس مو ضوع پر بات کر کے عدالت کے کام میںمداخلت نہیںکرنا چاہتا اور نہ ہی عدالت میں چلنے والے کسی بھی کیس کو زیر بحث لا کر اس پر اثر انداز ہونے کی کو شش کر نی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو چاہیے کہ اپنے سیاسی مخالفین سے عزت کے دائر ے میں رہ کر بات کریں اور اچھی سیاسی روایات کو فروغ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر نے جمہوریت کیلئے جتنی قربانیاں دی ہیں اتنی بہت ہی کم لوگوں نے دی ہیں ، اللہ ان کو جوار رحمت میں جگہ دے ۔ ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ جنرل راحیل شریف اس ملک کے سپہ سالار ہیں ، ان کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے کو زیر بحث لاکر ان کی شخصیت کو متنازع نہیں بنانا چاہیے ۔