اداکار اقبال حسن کی 32 ویں برسی خاموشی سے گزر گئی

پیر 14 نومبر 2016 12:55

اداکار اقبال حسن کی 32 ویں برسی خاموشی سے گزر گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) پنجابی فلموں کے مقبول اداکار اقبال حسن کی 32 ویں برسی خاموشی سے گزر گئی ۔ان کی برسی کے موقع پر فنکاروں کی طرف سے کوئی بھی تقریب منعقد نہ ہو سکی ۔ اقبال حسن نے بطور فلمی اداکار اپنے کریئر کاآغاز 1965ء میں بننے والی فلم ’’پنجاب دا شیر ‘‘سے کیا۔ اقبال حسن پنجاب کے ایک روایتی گھبرو اور دیہاتی جوان کی طرح ہر فلم میں اپنے فن کے نقوش چھوڑتے رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سب سے پہلے 1965ء میں ریلیز ہونے والی فلم پنجاب دا شیر میں فلم کے ولن مظہر شاہ کے چمچوں میں ایک ایکسٹرا اداکار کے طور پر نظر آئے تھے۔ یہی صورتحال دوسال بعد ریلیز ہونے والی مشہور زمانہ نغماتی فلم دل دا جانی میں بھی دیکھنے کو ملی ۔اقبال حسن نے تقریبا بیس سالہ فلمی کیرئیر میں تین سو کے قریب فلموں میں اداکاری کی تھی جن میں پچاس کے قریب فلموں میں سولو ہیرو کے طور پر نظرآئے تھے، وہ علا الدین کے بعد دوسرے فنکار تھے جنھیں صحیح معنوں میں آل رانڈر کہا جاسکتا ہے۔ 14 نومبر 1984 کے دن فلم جورا کی شوٹنگ سے واپسی پر ایک کار ایکسیڈنٹ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ اقبال حسن کے انتقال کے بعد ان کے بھائی تنظیم حسن کو متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی جو کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔