علامہ اقبال نے خطبہ الٰہ آباد میں مسلمانوںکی الگ مملکت کا پورا نقشہ پیش کردیا ۔پروفیسر طارق ملک

اتوار 13 نومبر 2016 22:10

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) اقبال کے اشعار تصیح سے بے نیاز ہیں وہ اسلامیان برصغیر کے وہ واحد قائد ہیں جنہوں نے انگریز اور ہندو کی سیاسی اور اقتصادی غلامی میں جکڑے ہوئے مسلمانان ہند کی کسمپرسی اور کم مائیگی کا احساس کرتے ہوئے ان کیلئے ایک الگ خطہ ارضی کی ضرورت محسوس کی اور صرف اسی پر اکتفاء نہ کیا بلکہ اپنے خطبہ الٰہ آباد میں مسلمانوںکی الگ مملکت کا پورا نقشہ پیش کردیا ۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل خانیوال پبلک سکول اینڈ کالج پروفیسر طارق پرویز ملک نے یوم اقبال کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا ۔اس موقع پر ونگ انچارجز ڈاکٹر عمران شعیب‘مسز مسرت گیلانی ‘شازیہ کھگہ ‘ایڈ من آفیسر محمد اقبال سمیت سٹاف اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر طارق پرویز ملک نے کہاکہ علامہ اقبال نے قوم کو خودی ‘خود شناسی ‘وحدت فکر وعمل اور انقلاب و اجتہاد کا درس دیا اور انہوں نے اس مقصد کیلئے شاعری اور نثر کا سہارا لیا اور جدید و قدیم علمی سرچشموں سے فیض یاب ہونے کے باعث ہر نسل‘ہر مکتبہ فکر اور سماجی طبقے کو یکساں متاثر کیا ۔

تقریب میں طلباء وطالبات نے کلام اقبال اور مختلف ٹیبلو پیش کیے ۔بعدازاں پرنسپل خانیوال پبلک سکول اینڈ کالج پروفیسر طارق پرویز ملک نے انٹر ہائوسز مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے طلباء و طالبات میں ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :