فلاح انسانیت فائونڈیشن کراچی نے شاہ نورانی میں بم دھماکے سے متاثرہ افراد کے ورثاء کے لیے سول اسپتال میں انفارمیشن ڈیسک قائم کردیا

ہمارے رضاکار پریشان حال ورثاء میں کھانا بھی تقسیم کر رہے ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے

اتوار 13 نومبر 2016 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) جماعة الدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فائونڈیشن کراچی نے شاہ نورانی میں بم دھماکے سے متاثرہ افراد کے ورثاء کے لیے سول اسپتال میں انفارمیشن ڈیسک قائم کردیا۔ ایف آئی ایف کے رضاکار ورثاء کی رہنمائی کے علاوہ انہیں کھانا بھی فراہم کر رہے ہیں۔ گزشتہ شب سے قائم فلاح انسانیت فائونڈیش کے انفارمیشن ڈیسک سے متاثرین کے ورثاء اور انتظامیہ کو بھی سہولت مل رہی ہے۔

جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا بم دھماکے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ دہشت گرد اب آسان ہدف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ شاہ نورانی میں دھماکے کے وقت کا تعین سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے۔ بلوچستان میں مسلسل دہشت گردانہ کارروائیوں سے دشمنوں کے عزائم کھل کر واضح ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

سی پیک کی کامیابی سے پاکستان خطے میں اہمیت کا ملک بن کر ابھرے گا، جسے دشمن کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا۔

یہی وجہ ہے کہ دہشت گردانہ کارروائیوں سے ملک میں عدم استحکام کی کیفیت پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ نورانی بم دھماکے پس پشت بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم کارفرما ہیں۔ آسان اہداف کو نشانہ بناکر حالات خراب کیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردوں کی خواہشات کو خاک میں ملانے کے لیے سیکورٹی اداروں کے ساتھ عوام کو بھی چکنا رہنا ہوگا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ فلاح انسانیت فائونڈیشن بم دھماکے سے متاثرہ افراد کے لیے گزشتہ شب سے خدمت میں مصروف ہے۔ ہمارے رضاکار پریشان حال ورثاء میں کھانا بھی تقسیم کر رہے ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :