دہشت گردوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے، سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ مصدق ملک

اتوار 13 نومبر 2016 21:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ انتہا پسندوں کو پاکستان سے نکال کر دم لیں گے، دہشت گردوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سول ہسپتال کراچی میں درگاہ شاہ نورانی سانحہ کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی مفتاح اسماعیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مصدق ملک نے کہا کہ ہم وزیراعطم محمد نواز شریف کی ہدایت پر زخمیوں کی عیادت کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ شاہ نورانی پر دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہے، ہم سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کی ہر ممکن امداد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کریں۔ مصدق ملک نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی محرومیوں کو ختم کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ اس موقع پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سول ہسپتال میں زخمیوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :